وہاڑی کے چک نمبر 255 میں درجنوں مسلح افراد غریب آدمی کو اغوا کر کے لے گئے

ملزمان مبینہ طور پر گگو منڈی کے رہائشی شفقت حُسین کے مکان پر زبردستی قبضہ کرنا چاہتے تھے

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 25 مئی 2019 17:47

وہاڑی کے چک نمبر 255 میں درجنوں مسلح افراد غریب آدمی کو اغوا کر کے لے ..
وہاڑی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،25 مئی 2019ء) وہاڑی کے چک نمبر 255تھانہ گگو کے حدود کے رہائشی شفقت حسین کو چھ گاڑیوں میں سوار درجنوں مسلح افراد نے دن دیہاڑے بوریوالا روڈ سے مبینہ طور پر اغوا کرلیا ۔تفصیلات کے مطابق گگو منڈی کے رہائشی شفقت حسین کے مکان پر اسی علاقہ کے بااثر جاوید سبحانی وغیرہ مبینہ طور پر زبردستی قبضہ کرنا چاہتے تھے۔ متاثرین اپنی درخواست لے کر ڈی پی او آفس میں آئے ہوئے تھے کہ بااثر ملزمان بھی پیچھے پہنچ گئے۔

جب غریب شخص اپنی بہنوں کے ہمراہ گھر واپس جانے لگے تو راستہ میں بوریوالا روڈ پر ڈیفنس ویو کالونی کے پاس چھ گاڑیوں میں سوار درجنوں مسلحہ افراد نے غریب شخص اور اسکی بہنوں کو اسلحہ کے زور پر روک لیا اور شفقت پر تشدد شروع کردیا۔ جب چھڑانے کےلئے متاثرہ کی ہمشیرہ اور دیگرخواتین پہنچی تو ملزمان نے انہیں بھی شدید تشدد کا نشانہ بنایا اور کپڑے پھاڑ دئیے اور غریب شخص کو گاڑی میں ڈال کر ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے مبینہ طور پر اغوا کرکے فرار ہوگئے۔

(جاری ہے)

دوسری طرف ایس پی انویسٹی گیشن کا کہنا ہے کہ ہمارے پاس دونوں فریق صبح آفس میں موجود تھے اور ہم نے میرٹ پر فیصلہ کیا ۔اس وقوعہ کا معلوم نہیں لیکن متاثرین کو پورا انصاف فراہم کیا جائے گا۔ایس پی انویسٹی گیشن نے مزید کہاکہ میں بھی ایک خاتون ہوں اور خواتین کا احترام ہر صورت یقینی بنایا جائے گا جبکہ متاثرین نے وزیر اعلی پنجاب،آئی جی پنجاب سے چیخ و پکار کرتے ہوئے انصاف کی فراہمی کا مطالبہ کیا ہے۔