سپیکر قومی اسمبلی سے وفاقی وزیر داخلہ کی ملاقات

اعجاز شاہ نے اسد قیصر کو ننھی بچی فرشتہ کے قتل کیس کی تفتیش کی پیش رفت سے آگاہ کیا

ہفتہ 25 مئی 2019 21:37

سپیکر قومی اسمبلی سے وفاقی وزیر داخلہ کی ملاقات
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 مئی2019ء) اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے ملاقات کی ، ملاقات کے دوران ننھی بچی فرشتہ کے قتل کیس کی تفتیش کی پیش رفت سے آگاہ کیا۔وزیرداخلہ نے سپیکر قومی اسمبلی کو بتایا کہ قتل کی جانے والی معصوم فرشتہ کے کیس کی جوڈیشل انکوائری کا آغاز کردیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ قتل میں ملوث افراد کو فوری گرفتار کر کے عبرت کا نشان بنایا جائے،انصاف کی فراہمی اور ظلم کے خاتمے کو یقینی بنانا ہوگا،انصاف کی راہ میں حائل رکاوٹ کو برداشت نہیں کروں گا۔

قبل ازیں اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے فرشتہ کے والد اور خاندان سے ملاقات کی تھی۔ اسپیکر نے خاندان کو مکمل انصاف کی فراہمی کی یقین دہانی کروائی تھی اور کہا تھا کہ جوڈیشل انکوائری مکمل ہونے تک متاثرہ خاندان سے رابطے میں ہوں۔