ورلڈ کپ میں ایسی کارکردگی دکھانی کی کوشش کروں گا جسے قوم ہمیشہ یاد رکھے،

تمام تر نظریں بھارت کے خلاف میچ پر مرکوز ہیں، فخر زمان کے ساتھ مل کر ٹیم کو جاندار آغاز فراہم کرنے کی کوشش کروں گا، امام الحق

ہفتہ 25 مئی 2019 22:31

ورلڈ کپ میں ایسی کارکردگی دکھانی کی کوشش کروں گا جسے قوم ہمیشہ یاد رکھے،
لندن۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مئی2019ء) پاکستانی ٹیم کے اوپننگ بیٹسمین امام الحق نے کہا ہے کہ ورلڈ کپ میں اپنی کارکردگی سے ٹیم کو فتوحات دلانے کیلئے خوب جان لڑائوں گا تاکہ قوم مجھے ہمیشہ اچھی یادوں کے ساتھ یاد رکھے، ٹورنامنٹ میں فخر زمان کے ساتھ مل کر ٹیم کو پر اعتماد آغاز فراہم کرنے کی کوشش کروں گا۔ اپنے ایک انٹرویو میں امام الحق نے کہا کہ میں بہت چھوٹا تھا جب پتہ چلا کہ میرے چچا انضمام الحق 1992ء عالمی کپ فاتح سکواڈ کا حصہ تھے اور مجھے اس پر فخر محسوس ہوتا ہے، میری خوش قسمتی ہے کہ آج میں بھی ورلڈ کپ سکواڈ کا حصہ ہوں، میں سمجھتا ہوں کہ یہ میرے لئے میری زندگی کا سب سے بڑا موقع ہے کہ ایسی کارکردگی دکھائوں جسے قوم ہمیشہ یاد رکھے۔

انہوں نے کہا کہ کرکٹ ایک ایسا کھیل ہے جو قوم کو خوشیاں فراہم کرتا رہا ہے، کوشش ہو گی کہ ورلڈ کپ جیت کر لوگوں کو خوشیوں کا تحفہ پیش کریں۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا ہے کہ میں اور فخر زمان گزشتہ ڈیڑھ سال سے اکھٹے کھیل رہے ہیں، ہمیں اپنی ذمہ داری کا اندازہ ہے اسلئے ورلڈ کپ میں ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کرنے کی کوشش کریں گے۔ امام الحق نے کہا کہ تمام تر توجہ روایتی حریف بھارت کے خلاف میچ پر مرکوز ہے، ورلڈ کپ ٹورنامنٹس میں پاکستان کبھی بھی بھارت کو ہرانے میں کامیاب نہیں ہوا لیکن ماضی کے ریکارڈ سے ٹیم پر کوئی فرق نہیں پڑتا، ہماری ٹیم نے بھارت کو چیمپئنز ٹرافی فائنل میں ہرا کر چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا اسلئے میں سمجھتا ہوں کہ ٹیم کو اس پر نفسیاتی برتری حاصل ہو گی اور اس بار ہمارے پاس جیتنے کا سنہری موقع ہے تاہم ہدف کے حصول کیلئے ہر کھلاڑی کو کھیل کے تینوں شعبوں میں صلاحیتوں سے بڑھ کر کارکردگی دکھانا ہو گی۔