یوم شہادت حضرت علیؓکے سکیورٹی انتظامات کے سلسلے میں سی پی او فیصل آباد اظہر اکرم کا چک جھمرہ اور ٹوٹیاں والا کھوہ میں امام بارگاہوں کا دورہ ، فول پروف سیکورٹی کے لیے ہدایات جاری

ہفتہ 25 مئی 2019 22:40

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مئی2019ء) : سی پی او فیصل آبا داظہر اکرم نے یوم شہادت حضرت علی ؓ کے سلسلہ میں ہونے والے جلوس ومجالس کی سکیورٹی کے انتظامات کاجائزہ لیا۔ امام بارگاہ درآل محمدﷺ چک جھمرہ اور امام بارگاہ ٹوٹیاں والا کھوہ فیکٹری ایریا کا دورہ کیا اس موقع پر جلوس و مجالس کے روٹس اور سکیورٹی کے متعلق بریف کیا گیااوراس موقع پر ہونے والے انتظامات کو چیک کیا گیا ،سی پی او فیصل آباد نے متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کیں کہ امام بارگاہوں میں منعقدہ مجالس اور جلوس کے مقامات کے اردگرد تھری کارڈن سکیورٹی مامور کی جائے گی ،اردگرد چھتوں پر سنائپر تعینات کیے جائیں گے جبکہ روٹ پر یونیفارم میں پولیس ڈیوٹی کے علاوہ پولیس ملازمان سول پارچات میں بھی ڈیوٹی دیں گے ۔

(جاری ہے)

جلوس اور مجالس میں شامل ہونے والے لوگوں کی بذریعہ والنٹیئر چیکنگ کی جائے گی نیز وہاں پر داخل ہونے والے لوگوں کی بذریعہ میٹل ڈیٹکٹر سے چیکنگ کی جائے گی جبکہ واک تھرو گیٹ بھی نصب کیے جائیں گے ،متعلقہ پولیس و ایلیٹ فورس کی موبائل ہائے جلوس و مجالس کے اردگرد گشت کرتی رہیں گی ۔جلوس و مجالس کے راستے میں موجود گلیوں اور چوکوں کو خاردار تار سے بند کیا جائے گا تاکہ کوئی غیر متعلقہ شخص داخل نہ ہوسکے۔

یوم شہادت حضرت علی ؓ کے موقع پر ضلع ہذا میں کل 13جلوس برآمد ہونگے جن میں 2اے کیٹگری ،4بی کیٹگر ی اور 7سی کیٹگری کے جلوس شامل ہیں علاوہ ازیں 41مجالس منعقد ہونگی جن میں 2اے کیٹگری ،6بی کیٹگر ی اور 33سی کیٹگری کی مجالس شامل ہیں ،جن کی فول پروف سکیورٹی کے لیے 700سے زائد پولیس افسران و ملازمان اور 500والنٹیئر تعینات کیے جائیں گے ۔جن میں 19سب انسپکٹر ،86اے ایس آئی ،48ہیڈ کنسٹیبل ،48لیڈی کنسٹیبل اور 500سے زائد کنسٹیبل تعینات کیے گئے ہیں ۔

متعلقہ ٹاؤن ایس پیز اور سرکل افسران جلوس و مجالس کی سکیورٹی ڈیوٹی کی نگرانی کے ذمہ دار ہوں گے اور تمام پوائنٹس پر پولیس ملازمان کی حاضری کو یقینی بنائیں گے ۔سی پی او فیصل آباد نے تمام ملازمان کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس موقع پر مستعدی اور جانفشانی سے ڈیوٹی سر انجام دیں تاکہ کوئی بھی ناخوشگوار واقع رونما نہ ہوسکے ۔