حکومت نے احتساب کے نام پر سیاسی انتقام کا تماشا لگایا ہوا ہے،قمر زمان کائرہ

کہ جعلی حکومت کا خاتمہ ہی تمام مسائل کا حل ہے، عیدالفطر کے بعد حکومت کے خلاف میدان لگے گا، حکومت مخالف تحریک چلانے کی تیاریاں شروع کر دی ہیں،صدر پیپلز پارٹی پنجاب

ہفتہ 25 مئی 2019 22:40

حکومت نے احتساب کے نام پر سیاسی انتقام کا تماشا لگایا ہوا ہے،قمر زمان ..
اوکاڑہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مئی2019ء) پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر قمرالزمان کائرہ نے کہا ہے کہ عیدالفطر کے بعد حکومت کے خلاف میدان لگے گا۔ حکومت مخالف تحریک چلانے کی تیاریاں شروع کر دی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی ایس ایف ضلع اوکاڑہ کے صدر چوہدری شکیل کی قیادت میں ملنے والے وفد سے ملاقات کرتے ہوئے کیا۔

قمرالزمان کائرہ نے کہا کہ جعلی حکومت کا خاتمہ ہی تمام مسائل کا حل ہے، نئے وفاقی بجٹ میں عوام کو ریلیف نہ ملا تو غربت سے تنگ آئے ہوئے لوگ کچھ بھی کر سکتے ہیں۔عید کے بعد حکومت کے ساتھ جارحانہ میچ ہو گا۔ بجٹ کہیں اور تیار ہو رہا ہے حکومت صرف اعلان کرے گی۔پنجاب میں سرکاری ہسپتالوں میں فری ٹیسٹ ختم کرنا افسوسناک ہے ۔ کٹھ پتلی حکومت اور ریمورٹ کنٹرول وزیراعظم عوام کے مسائل حل نہیں کر سکتا ۔

(جاری ہے)

مہنگائی کی چکی میں پسی عوام بلاول بھٹو زداری کی طرف دیکھ رہے ہیں۔ پچھلے آٹھ ماہ میں غربت ، بے روزگاری اور جرائم میں اضافہ ہوا ہے۔ برسر اقتدار آنے کے آٹھ ماہ بعد ہی حکومت کے ہاتھ پاؤں پھولے نظر آ رہے ہیں۔ نااہل اور نابالغ حکومت نے عوام کے چودہ طبق روشن کر دیئے ہیں۔ ڈالر کی اونچی اڑان، روپے کی قدر میں کمی اور اشیائے ضرورت کی قیمتوں میں اضافہ سے عام آدمی کو دو وقت کی روٹی کے لالے پڑے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے احتساب کے نام پر سیاسی انتقام کا تماشا لگایا ہوا ہے۔