وفاقی اردو یونیورسٹی کے گلشن اقبال کیمپس میں ایک طلبہ تنظیم کی جانب سے قانون کی دھجیاں اڑا دی گئیں

پروگرام کی اجازت نہ ملنے پر طلبہ اور شر پسند عناصر نے سیکیورٹی گارڈز کو زدو کوب بھی کیا ۔قانون نافذ کرنے والے ادارے خاموش تماشائی بنے رہے

ہفتہ 25 مئی 2019 22:42

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مئی2019ء) وفاقی اردو یونیورسٹی کے گلشن اقبال کیمپس میں ایک طلبہ تنظیم کے شر پسند عناصر نے افطار پارٹی کے انعقاد کی اجازت نہ ملنے پریونیورسٹی کے سیکورٹی گارڈز کو تشدد کا نشانہ بنایا اور زبردستی جامعہ کے تالے توڑ کر اور دیواریں پلانگ کر یونیورسٹی میں داخل ہو گئے ۔جامعہ میں گزشتہ دنوں ہونے والے پر تشددواقعات کے بعد جامعہ کی انتظامیہ نے کسی بھی طرح کے پروگراموں کے انعقاد پر پابندی عائد کر رکھی ہے ۔

(جاری ہے)

ایک طلبہ تنظیم کی جانب سے بزور طاقت پروگرام کے انعقاد کی دھمکی دی گئی تھی ۔ آج شر پسند طلبہ نے زبردستی یونیورسٹی میں داخل ہونے کی کوشش کی اور یونیورسٹی کے سیکورٹی گارڈز کو تشدد کا نشانہ بنایا جس پر انتظا میہ نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بھی اطلاع دے دی تاہم قانون نافذ کرنے والے ادارے بھی طلبہ تنظیم کو روکنے میں ناکام رہے اور طلبہ تنظیم نے بیرونی عناصر کے ساتھ تالے توڑ کر جامعہ میں داخل ہو گئے۔ یونیورسٹی انتظامیہ کے مطابق ملوث طلبہ کے خلاف سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی اور ہر صورت قانون کی بالا دستی یقینی بنائی جائے گی۔