یتیم بچوں کو بہتر عملی زندگی میں داخل کرنے کیلئے سہولیات کی فراہمی ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے،چینی قونصلر لی یون لنگ

ہفتہ 25 مئی 2019 22:49

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 مئی2019ء) پاکستانی یونیورسٹیوں میں زیر تعلیم چینی طلبہ کی تنظیم ’’چائنیز مسلم سٹوڈنٹس ایسوسی ایشن ‘‘ کے زیر اہتمام انجمن فیض الاسلام کے اپنا گھر کے یتیم بچوں کے اعزاز میں منعقدہ افطار ڈنر سے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے چینی سفارت خانے کے قونصلر لی یون لنگ (LEE YUON LING) نے کہا ہے کہ یتیم بچوں کو بہتر عملی زندگی میں داخل کرنے کیلئے سہولیات کی فراہمی ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے تاکہ وہ معاشرے کے مفید اور اچھے شہری بن سکیں ․ یتیم بچوں کی محرومی دور کرنے کیلئے ہمیں ان کو پیار ، اہمیت اور وہ سب کچھ دینا چائییے جس کو پا کر وہ محرومی کے احساس سے باہر اور معاشرے کے کار آمد شہری بن سکیں ․ طلبہ کی تنظیم نے افطار ڈنر کے اہتمام کے علاوہ بچوں کیلئے خصوصی تحائف بھی لائے جو ان میں تقسیم کئے گئے ․ ان تحائف میں سلائی مشینیں ، فٹ بال ، کتابیں کاپیاں ، پنسلیں ، ویسٹ کوٹ اور دیگر اشیاء شامل تھیں ․ اس موقع پر چینی سفارت خانے کے افسران لی زینو ، ژونگ لین ، سی پیک کے ہیڈ ماسٹر چنگ لو ، چائنیز مسلم سٹوڈنٹس ایسوسی ایشن کے ہیڈ محمد یحیی ودیگر طلبہ ، انجمن فیض الاسلام کی بزم فیض الاسلام کے چئیرمین پروفیسر نیاز عرفان ، ممبر جنرل کونسل کرنل (ر) پرویز اختر ، منتظم معاملات بشارت حسین اور طلبہ کی بڑی تعداد موجود تھی ․ لی یون لنگ نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان اور چین کی حکومتوں اور عوام کے درمیان محبت محتاج بیان نہیں اور ہماری دوستی مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کی بدولت ہر گزرتے دن کے ساتھ پہلے سے زیادہ مضبوط ہو رہی ہے ․ انہوں نے یتیم بچوں کی بہترین پرورش اور تعلیم و تربیت کے انتظامات کرنے پر انجمن فیض الاسلام کے منتظمین کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ یتیم ہونے کی محرومی سے بچا کر انجمن ان بچوں کو معاشرے کا مفید اور کارآمد شہری بنانے میں بے مثال کردار ادا کر رہی ہے ․چینی طلبہ کی تنظیم کے ہیڈ محمد یحیی نے کہا کہ پاکستانی اور چین کے عوام کے درمیان محبت کا رشتہ بہت مضبوط ہے ․ ہم بحیثیت مسلمان پاکستان کی یونیورسٹیوں میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں اور ہمیں یہ احساس تک نہیں ہوتا کہ ہم اپنے ملک سے دور ہیں بلکہ پاکستان ہمارا اپنا گھر جیسا ہے ․ انہوں نے کہا کہ ہمیں پاکستان نے جو کچھ دیا ہم کوشش کرتے ہیں کہ اس کا کچھ نہ کچھ حق ادا کریں اور یہ تقریب اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے جو ہر سال کی جاتی ہے ․ انجمن کی جانب سے پروفیسر نیاز عرفان نے چینی طلبہ اور ایمبیسی کے ارکان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ سماجی روابط کی بدولت ہماری دوستی نئی بلندیوں کو چھو رہی ہے ․ہم انجمن میں رہنے والے یتیم بچوں کو جو سہولیات دے رہے ہیں ان میں ہماری معاونت کرکے چینی طلبہ اس دوسری کو مزید مستحکم کر رہے ہیں․ کرنل (ر) پرویز اختر نے بھی اس موقع پر خطاب کیا ․ مہمان خصوصی نے چینی طلبہ کے ساتھ اپنا گھر کے بچوں میں تحائف تقسیم کئے ․ بعد ازاں مسلم چینی طلبہ نے انجمن کے بچوں کے ہمراہ روزہ افطار کیا اور ان کے ساتھ گھل مل کر کچھ وقت گزارا۔