اقلیتوں کا بھروسہ جیت کر فرضی خوف کا خاتمہ چاہتا ہوں، مودی

ہفتہ 25 مئی 2019 23:29

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 مئی2019ء) بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ ہمیں اپنی اقلیتوں کا بھروسہ جیتنا ہے اقلیت ایک فرضی خوف میں ہیں اور یہ خوف انہوں نے پیدا کیا جو ووٹ بینک کی سیاست پر یقین رکھتے ہیں ہمیں اس کا خاتمہ کرنا ہوگا اور اس کے لیے سب کو ساتھ لے کر چلنا ہوگا۔انتخابات میں جیت کے بعد نیشنل ڈیموکریٹک الائنس کے قانون سازوں سے خطاب کرتے ہوئے نریندر مودی نے اتحاد کے تمام نئے منتخب قانون سازسوں کو اقلیتوں کے دماغ میں بیٹھے فرضی خوف کے خاتمے پر زور دیا، تقریر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی اقلیتوں کا بھروسہ جیتنا ہے اقلیت ایک فرضی خوف میں ہیں اور یہ خوف انہوں نے پیدا کیا جو ووٹ بینک کی سیاست پر یقین رکھتے ہیں ہمیں اس کا خاتمہ کرنا ہوگا اور اس کے لیے سب کو ساتھ لے کر چلنا ہوگا۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنے سلوگن میں تبدیلی لاتے ہوئے اسے ’سب کا ساتھ‘ ’سب کے لیے ترقی‘ اور ’اب سب کا بھروسہ‘ کا اضافہ کیا۔انہوں نے قومی اتحاد کو بڑے پیمانے پر مینڈیٹ ملنے پر اپنا نظریہ پیش کرتے ہوئے قانون سازوں سے کہا کہ آپ نے اس کی حفاظت کرنی ہے۔انہوں نے آزادی کے لیے 1857 کے جذبے کے بارے میں کہا کہ تمام برادریوں نے آزادی کے لیے ہاتھ ملائے تھے اور اس ہی طرح کی تحریک کا اب بھی آغاز ہونا چاہیے تاکہ بہترین حکمرانی سامنے آسکے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم ان کے ساتھ کھڑے ہیں جنہوں نے ہم پر بھروسہ کیا اور جن کی وجہ سے ہمیں کامیابی حاصل ہوئی۔نریندر مودی نے کہا کہ 2019 کے انتخابات نے لوگوں کو یکجا کیا جبکہ دیگر انتخابات میں معاشرہ بٹ گیا تھا۔ان کا کہنا تھا کہ اقتدار میں آنے کے بعد عوام کی خدمت کرنے کے علاوہ کوئی بھی بہتر راستہ نہیں۔واضح رہے کہ یہ پہلی مرتبہ تھا کہ انہوں نے اس بات کا اعتراف کیا کہ اقلیتوں کے درمیان خلا پیدا ہوا ہے۔