معیشت میں بہتری آئی ہے ، اس کے استحکام کے لیے ناصرف بین الاقوامیمالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے معاہدہ کیا، بلکہ سعودی عرب سے بھی تیل ادھار لینے کا معاہدہ کیا گیا، حماد اظہر

ہفتہ 25 مئی 2019 23:29

معیشت میں بہتری آئی ہے ، اس کے استحکام کے لیے ناصرف بین الاقوامیمالیاتی ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 مئی2019ء) وزیر مملکت برائے ریونیو حماد اظہر نے کہا ہے کہ معیشت میں بہتری آئی ہے اور اس کے استحکام کے لیے ناصرف بین الاقوامیمالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے معاہدہ کیا بلکہ سعودی عرب سے بھی تیل ادھار لینے کا معاہدہ کیا گیاہے۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے حماد اظہر نے کہا کہ سابقہ حکومت میں زرمبادلہ کے ذخائر گر چکے تھے جبکہ ہمارے دور میں اس حد تک ذخائر میں کمی نہیں آئی اور ہمارا (آئی ایم ایف) سے اچھا معاہدہ ہوا ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ دور میں جو قرضے لیے گئے اس کے باعث بحران کا سامنا تھا تاہم ہم بہتری کی پوری کوشش کررہے ہیں بجٹ میں عوام کو آسانی دینے کی کوشش کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں پہلے مارکیٹ کو استحکام دینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ڈالر کی قیمت کا تعین مارکیٹ کو کرنا چاہیے، ہم باہر سے قابل پاکستانیوں کو لے کر آئیں گے اور کوشش کریں گے کہ وہ یہا ں سرمایہ کاری کریں۔ان کا کہنا تھا کہ گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر ایک قابل انسان ہیں انہیں صرف تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔حماد اظہر نے بتایا کہ ہم نیٹ ٹیکس بڑھا رہے ہیں کیونکہ ابھی ہمیں مشکل وقت میں مشکل فیصلے کرنے ہیں اور معاشی استحکام کے لیے ہی اسٹیٹ بینک کو آزادی دی ہے۔