نیب کے طرز احتساب سے سیاست کے ساتھ معیشت بھی ڈوب جائے گی،مولانا فضل الرحمان

ہفتہ 25 مئی 2019 23:29

نیب کے طرز احتساب سے سیاست کے ساتھ معیشت بھی ڈوب جائے گی،مولانا فضل ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 مئی2019ء) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ نیب کے طرز احتساب سے ملکی سیاست کے ساتھ معیشت بھی ڈوب جائے گی،چیئرمین نیب کے حوالے سے ویڈیو دیکھ کر افسوس ہوا نیب ادارے کے طور پر اپنے احتساب کے عمل کو کھو چکا ہے۔

(جاری ہے)

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ میںپہلے ہی دن سے کہہ رہا ہوں کہ نیب کا ادارہ آمر کے ذہن کی تخلیق ہے،جس ملک میں متوازی عدالتی نظام ہوگا وہاں انصاف کا حصول مشکل ہوگا نیب نے سیاسی انتقام کے نتیجے میں سیاست کے طرز عمل کو متاثر کیا اور پیسے کی گردش کو روک دیا ہے نیب کے طرز احتساب سے ملک کی سیاست کے ساتھ معیشت بھی ڈوب جائے گی،نیب اپنے مقاصد میں بالکل ناکام ہو چکا ہے اسے منجمد کردینا چاہیے۔

سربراہ جے یو آئی کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں بھی مستقل احتساب کمیشن قائم کیا گیا تھا لیکن جب اپنے لوگ شکنجے میں آئے تو اس کے اختیارات کم کر دیئے گئے جس پر احتساب کمیشن کے سربراہ نے استعفی دے دیا تھا اور بعد ازاں حکومتکی جانب سے خیبر پختونخوا میں احتساب کا ادارہ ہی ختم کردیا گیا تھا۔