اقلیتوں کا بھروسہ جیت کر فرضی خوف کا خاتمہ چاہتا ہوں، مودی

2019 کے انتخابات نے لوگوں کو یکجا کیا جبکہ دیگر انتخابات میں معاشرہ بٹ گیا تھا،نومنتخب قانون سازوں سے خطاب

اتوار 26 مئی 2019 12:40

اقلیتوں کا بھروسہ جیت کر فرضی خوف کا خاتمہ چاہتا ہوں، مودی
نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مئی2019ء) بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی قیادت میں اتحادی جماعتوں کی کامیابی کے بعد بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے اتحاد کے تمام نومنتخب قانون سازوں پر اقلیتوں کے دماغ میں بیٹھے فرضی خوف کے خاتمے پر زور دیا ہے۔بھارتی ٹی وی کے مطابق پارلیمنٹ کے مرکزی ہال میں نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی ای) کے نومنتخب قانون سازوں سے خطاب کرتے ہوئے نریندر مودی نے کہا کہ ہمیں اپنی اقلیتوں کا بھروسہ جیتنا ہے، اقلیت ایک فرضی خوف میں ہیں اور یہ خوف انہوں نے پیدا کیا جو ووٹ بینک کی سیاست پر یقین رکھتے ہیں، ہمیں اس کا خاتمہ کرنا ہوگا اور اس کے لیے سب کو ساتھ لے کر چلنا ہوگا۔

انہوں نے اپنے نعرے میں تبدیلی لاتے ہوئے سب کا ساتھ، سب کے لیے ترقی میں اب سب کا بھروسہ کا اضافہ کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے قومی اتحاد کو بڑے پیمانے پر مینڈیٹ ملنے پر اپنا نظریہ پیش کرتے ہوئے قانون سازوں سے کہا کہ آپ نے اس کی حفاظت کرنی ہے۔انہوں نے آزادی کے لیے 1857 کے جذبے کے بارے میں کہا کہ تمام برادریوں نے آزادی کے لیے ہاتھ ملائے تھے اور اس ہی طرح کی تحریک کا اب بھی آغاز ہونا چاہیے تاکہ بہترین حکمرانی سامنے آسکے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم ان کے ساتھ کھڑے ہیں جنہوں نے ہم پر بھروسہ کیا اور جن کی وجہ سے ہمیں کامیابی حاصل ہوئی۔نریندر مودی نے کہا کہ 2019 کے انتخابات نے لوگوں کو یکجا کیا جبکہ دیگر انتخابات میں معاشرہ بٹ گیا تھا۔ان کا کہنا تھا کہ اقتدار میں آنے کے بعد عوام کی خدمت کرنے کے علاوہ کوئی بھی بہتر راستہ نہیں۔