سائنسدانوں‘ سپارکو ‘ محکمہ موسمیات سمیت دیگر اداروں نے اسلامی کیلنڈر اور مون سائٹ ویب سائٹ تیار کر لی

ویب سائٹ میں قمری کیلنڈر‘ ہجری کیلنڈر‘چاند نکلنے اور اس کی عمر سمیت تمام معلومات رکھی گئی ہیں، ویب سائٹ( آج) سے گوگل اور موبائل ایپ پر دستیاب ہو گی جس کے مطابق عید الفطر 5 جون کو ہو گی‘ وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے اگست کے مہینے کو سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کا مہینہ ڈکلیئرکر دیا ہے، عالمی سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کانفرنس منعقد کرائیں گے جس میں دنیا بھر سے سائنسدان شرکت کرینگے،وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین کی میڈیا سے گفتگو

اتوار 26 مئی 2019 18:00

لاہور۔26 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مئی2019ء) وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ سائنسدانوں‘ سپارکو اور محکمہ موسمیات سمیت دیگر اداروں نے اسلامی کیلنڈر اور مون سائٹ ویب سائٹ تیار کی ہے جس میں قمری کیلنڈر‘ ہجری کیلنڈر‘چاند نکلنے اور اس کی عمر سمیت تمام معلومات رکھی گئی ہیںجس سے بخوبی اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ چاند کی ہیئت کیا ہے اور کہاں نکلے گا‘ ویب سائٹ آج پیر کے روز سے گوگل اور موبائل ایپ پر دستیاب ہو گی جس کے مطابق عید الفطر 5 جون بروز بدھ کو ہو گی‘ وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے اگست کے مہینے کو سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کا مہینہ ڈکلیئرکر دیا ہے اور عالمی سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کانفرنس بھی منعقد کرائیں گے جس میں عالمی سائنسدان شرکت کرینگے‘ وہ اتوار کے روز پاکستان کونسل آف سائنٹیفک اینڈ انڈسٹریل ریسرچ (پی سی ایس آئی آر) کے دورہ کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈائریکٹر پی سی ایس آئی آر ڈاکٹر قرة العین سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے کہا کہ مذہبی تہوار کا عقیدے سے تعلق ہے‘ مذہبی معاملات کو درست سمت پر لیکر چلنا ریاست کا فرض ہے‘ وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے علماء حضرات کی توجہ دلائی ہے کہ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی مدد سے چاند کی ہیئت اور نوعیت کا پتا لگایا جاسکتا ہے‘ سپارکو سمیت دیگر اداروں نے قمری کیلنڈر کی ویب سائٹ تیار کی ہے جس سے بخوبی اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ چاند کی ہیئت کیا ہے اور وہ کہاں نکلے گا جو آج پیر کے روز سے مون سائٹ ویب سائٹ کے نام سے گوگل اور موبائل ایپ پر دستیاب ہو گی جس میں چاند کو ملک کے آٹھ مقامات دیکھا جاسکے گا‘ پاکستان میں جب چاند نظر آئے گا تو وہ 6.8 آلٹی چیوٹ پر عیاں ہو جائیگا‘ چاند کے متعلق امریکہ‘ آسٹریلیا اور ناروے کیلئے بھی یہ ویب سائٹ بتا سکے گی‘ قمری کیلنڈر پانچ سال کیلئے کی مدت کیلئے بنایا گیا ہے جس کا فائدہ دنیا کے تمام امت مسلمہ کو ہو گا‘ قمری کیلنڈر کے مطابق عیدالفطر 5 جون 2019ء بروز بدھ کو ہو گی جبکہ آئندہ عید الفطر 24 مئی 2020ء‘ اگلی عید الفطر 14 مئی 2021ء‘ اس سے اگلی عیدالفطر 3 مئی 2022ء‘ اس سے اگلی عیدالفطر 22 اپریل 2023ء اور اس سے اگلی عیدالفطر 10 اپریل 2024ء کو ہو گی‘معاملہ اسلامی نظریاتی کونسل کو بھی بھیجا ہے‘ کل منگل کو کابینہ کو بھی ویب سائٹ کے بارے میں بریفنگ دینگے‘ یہ میری ذاتی رائے ہے کہ چاند کو دیکھنے کیلئے رویت ہلال کمیٹی کی ضرورت نہیں ہے،اسلامی آئیڈیالوجی کونسل کا چاند ویب سائٹ مثبت ردعمل ہے اور تمام علماء کرام کو بلا کر ایک فیصلے پر لانا چاہتے ہیں‘ جب تک اپنے سائنسدانوں کو سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی طرف نہیں لائیں گے تو اس وقت تک ترقی نہیں ہو سکتی۔

انہوں نے کہا کہ وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے اگست کے مہینے کو سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کا مہینہ ڈکلیئر کر دیا ہے اس سلسلہ میں ملک کے چاروں گورنر ہائوسز میں پروگرامز ترتیب دیئے جائیں گے‘ہر سال سائنس فیئر اورعالمی سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کانفرنسز بھی منعقد کروائی جائینگی جس میں کوشش کرینگے کہ دنیا کے سائنسدان شرکت کرینگے یا ویڈیو لنک کے ذریعے شامل ہوں‘ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے حوالے سے آراء اور تجاوز کیلئی40 سال سے کم عمر والے اپنے آئیڈیاز شیئر کریں۔

انہوں نے کہا کہ فور جی ٹیکنالوجی کے بعد فائیو جی ٹیکنالوجی کی لڑائی ہے‘ فائیو ٹیکنالوجی سے ایک فلم جو آدھے گھنٹے میں ڈائون لوڈ ہوتی ہے وہ اڑھائی منٹ میں ڈائون لوڈ ہو سکے گی جس سے ٹیلی کام انڈسٹری میں انقلاب آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے ملک کے چاروں صوبوں سے 1500 سائنس سکولوںکو اپ گریڈ کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے‘ سکولوں میں پینے کا صاف پانی اور سولر سسٹم لا رہے ہیںجس سے توانائی بحران پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو سائنس و ٹیکنالوجی کی بنیاد پر دنیا کے سامنے لائیں گے‘ آئندہ تین سالوں میں پاکستان کو سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی مدد سے ماڈرن ملک بنا دینگے‘ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ سائنسی طور پر پاکستان کو پیچھے رکھنے کیلئے کچھ عالمی طاقتیں برسر پیکار ہیں جیسے کالا باغ ڈیم کی تعمیر کیخلاف پروپیگنڈہ پر بھی بیرونی سرمایہ کاری ہوئی‘ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے پاس کوئی بیانیہ نہیں ہے‘ مریم نواز کے ابو جیل میں ہیں ان کو باہر نکالنے کیلئے لوگ مظاہرے کیوں کریں گے‘ میں نہیں سمجھتا کہ نواز شریف سے کسی کی کوئی ملاقات ہوئی ہو‘ عوام کو سابق حکمرانوں کی باتوں پر کان نہیں دھرنے چاہئیں‘ن لیگ کی صفوں میں کچھ لوگ مریم نواز کی قیادت میں کام نہیں کرنا چاہتے جو خوش آئند ہے‘ سابقہ حکمرانوں نے صرف ذاتی مفادات پر سیاست کے علاوہ کچھ نہیں کیا‘ پی پی پی کے تیس سالہ دور حکمرانی کی کارکردگی سے عوام بخوبی آگاہ ہیں۔

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ احتساب کے عمل کو تیز کرنے کی ضرورت ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ چیئرمین نیب کے معاملہ پر نیب اور احتساب کے عمل کو نقصان ہوا ہے‘اس حوالے سے پارٹی موقف پارٹی کے مشاورتی اجلاس میں طے کیا جائیگا‘ اس سے قبل کچھ نہیںکہنا چاہتا۔انہوں نے کہا کہ لیدر پاکستان کی دوسری بڑی ایکسپورٹ ہے لیکن اس کی ترقی کیلئے مزید کام کرنے کی ضرورت ہے،جن ممالک نے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی ترقی پر فوکس کیا وہ آگے نکل گئے‘ سابقہ حکمرانوں نے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی ترقی توجہ نہیں دی۔ قبل ازیں وفاقی وزیر نے پی سی ایس آئی آر لیبارٹری کے مختلف شعبوں کادورہ کیااور حکام کو ضروری ہدایات دیں۔