ساہیوال، حکومتی وزراء کی بد زبانی تشویشناک، سب سے شائستگی اور تہذیب کے ساتھ پیش آنا چاہیے، چوہدری محمد اکرام الحق

اتوار 26 مئی 2019 18:05

ساہیوال ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مئی2019ء) جماعت اسلامی ساہیوال کے راہنما چوہدری محمد اکرام الحق ایڈووکیٹ نے کہاہے کہ حکومتی وزراء کی بد زبانی تشویشناک ہے ایک دوسرے کے ساتھ شائستگی اور تہذیب کے ساتھ پیش آنا چاہیے۔ رمضان المبارک کے مقدس مہینے کا احترام کرتے ہوئے حکمران اپنی سمت کو درست کریں اور معاملات کو افہام وتفہیم سے حل کریں۔

ملک و قوم اس وقت سنگین مسائل کاشکار ہیں اور حکومتی رویہ ان میں اضافے کا باعث بن رہاہے۔

(جاری ہے)

اپنے ایک بیان میں انہوںنے کہاکہ حکمرانوںکا طرز عمل ہمیشہ ملکی ومعاشرتی استحکام کا باعث بنتاہے جبکہ اپوزیشن کی یہ بنیادی اور آئینی ذمہ داری ہے کہ وہ حکومتی غلط اقدامات کی نشاندہی کرے ۔ بدقسمتی یہ ہے کہ موجودہ حکمرانوںنے بد کلامی میں ریکارڈ توڑ دیئے ہیں ۔

حکمرانوں نے عوام کی زندگی اجیرن کردی ہے ان کے پاس زبانی کلامی اقدامات اور دکھاوے کے سوا کچھ نہیں۔ انہوںنے کہاکہ اداروںکے درمیان عدم تعاون اور چپلقش کی فضا ملکی سلامتی کے لئے خطرناک ہے پاکستان اندرونی لحاظ سے مضبوط ہوگا تو بیرونی خطراب سے نمٹنے کی صلاحیت پیدا ہوگی ضرورت اس امر کی ہے کہ حکمران اپنے رویوں میں مثبت تبدیلی لائیں اور مخلص ہوکر ملک وقوم کی خدمت کریں۔