نائب صدر چین کے دورہ پاکستان سے دونوں ممالک کے تعلقات مزید پختہ ہوں گے اور فروغ پائیں گے،شاہ محمود قریشی

دونوں ممالک کی دوستی کی بنیاد مشترکہ قدروں، تجربات، اہداف، امن وبھائی چارے اور خوشحالی کی مشترکہ خواہش پر استوار ہے ، نئے دور کے آغاز، مستقبل میں مشترکہ خوشحال ومضبوط دنیا کے لئے اجتماعی مذاکرے، عملی تعاون کو پختہ کرنے اور مل کرکام کرنے پر یقین رکھتے ہیں ،دونوں جانب کے مختلف شعبہ ہائے زندگی کے افراد کی ملنساری میں اضافے سے بیلٹ اینڈ روڈ پر ہم آہنگی بڑھے گی،سی پیک دوسرے مرحلے میں داخل ہوگیا ہے جس میں صنعتی، سماجی ومعاشی تعاون پر توجہ مرکوز کی گئی ہے،مرحلہ مقامی آبادیوں کے لئے ترقی وخوشحالی لائیگا،انسداد بدعنوانی کے لئے ہماری کوششیں بھی رنگ لارہی ہیں ، عوام کی معاشی وسماجی بہتری کے لئے کوششوں پر توجہ دی جارہی ہے، وزیر خارجہ کا خطاب

اتوار 26 مئی 2019 18:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مئی2019ء) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ چین اور پاکستان 2019ء کو باہمی تعلقات کے سال کے طورپر منا رہے ہیں، عوام کی سطح پر مراسم کو ایک نئے درجے تک بڑھانے کی امید ہے،نائب صدر چین کے دورہ پاکستان سے دونوں ممالک کے تعلقات مزید پختہ ہوں گے اور فروغ پائیں گے،دونوں ممالک کی دوستی کی بنیاد مشترکہ قدروں، تجربات، اہداف، امن وبھائی چارے اور خوشحالی کی مشترکہ خواہش پر استوار ہے ، نئے دور کے آغاز، مستقبل میں مشترکہ خوشحال ومضبوط دنیا کے لئے اجتماعی مذاکرے، عملی تعاون کو پختہ کرنے اور مل کرکام کرنے پر یقین رکھتے ہیں ،دونوں جانب کے مختلف شعبہ ہائے زندگی کے افراد کی ملنساری میں اضافے سے بیلٹ اینڈ روڈ پر ہم آہنگی بڑھے گی،سی پیک دوسرے مرحلے میں داخل ہوگیا ہے جس میں صنعتی، سماجی ومعاشی تعاون پر توجہ مرکوز کی گئی ہے،مرحلہ مقامی آبادیوں کے لئے ترقی وخوشحالی لائیگا،انسداد بدعنوانی کے لئے ہماری کوششیں بھی رنگ لارہی ہیں ، عوام کی معاشی وسماجی بہتری کے لئے کوششوں پر توجہ دی جارہی ہے ۔

(جاری ہے)

اتوار کو وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے چین کے نائب صدر جناب وانگ کشان کے اعزاز میں منعقدہ سلک روڈ کے دوست فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ چین کے نائب صدر جناب وانگ کشان اور ان کے وفد کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتا ہوں ۔ انہوںنے کہاکہ پاکستانی عوام کے ساتھ چین کی دہائیوں پر محیط گہری دوستی و حمایت اور پاک چین دوستی پر کامل یقین پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ چین میں جناب وانگ کشان کا ایک ممتاز تاریخ دان، بے مثال معیشت دان اور ایک عظیم رہنما کے طورپر احترام کیاجاتا ہے۔ انہوںنے کہاکہ چین پاکستان تزویراتی تعاون وشراکت داری میں آپ کی مخلصانہ کاوشیں دونوں ممالک کے لئے نہایت قابل قدر ہیں۔ انہوںنے کہاکہ چین پاکستان دوستی کے رشتے کو مزید تقویت دینے میں آپ کی بصیرت افروز کوششوں کو سراہتا ہوں۔

انہوںنے کہاکہ آپ کی ہماری قیادت سے ملاقاتوں میں ہونے والی گفتگو سے دونوں ممالک کی عظیم دوستی کو مزید فروغ ملے گا۔ انہوںنے کہاکہ عوامی جمہوریہ چین کے قیام کی ستر سالہ سالگرہ پر آپ کو دل کی گہرائیوں سے مبارک باد پیش کرتے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ صدر شی جن پنگ کی قیادت میں دوسرے بیلٹ اینڈ روڈ فورم کے بیجنگ میں کامیاب انعقاد پر بھی ہدیہ تبریک پیش کرتے ہیں۔

انہوںنے کہاکہ پاکستان اور چین دو انتہائی بااعتماد دوست اور شراکت دار ہیں ۔ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ دونوں ممالک کی دوستی کی بنیاد مشترکہ قدروں، تجربات، اہداف، امن وبھائی چارے اور خوشحالی کی مشترکہ خواہش پر استوار ہے ۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور چین، نئے دور کے آغاز، مستقبل میں مشترکہ خوشحال ومضبوط دنیا کے لئے اجتماعی مذاکرے، عملی تعاون کو پختہ کرنے اور مل کرکام کرنے پر یقین رکھتے ہیں ۔

انہوںنے کہاکہ سینیٹر مشاہدحسین سید کی کاوشوں کا اعتراف کرتا ہوں، وہ چین کے پرانے دوست ہیں۔ وزیر خارجہ نے کہاکہ سینیٹر مشاہد حسین سید کو تقریب کے انعقادپرمبارک دیتا ہوں، وہ دونوں ممالک کے عوام، سیاسی جماعتوں کو قریب لائے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ پاک چائنا انسٹی ٹیوٹ نے عوام کیلئے پلیٹ فارم کا اجراء کیا ہے جس میں دونوں طرف کے متعلقہ فریقین شرکت کرسکیں گے ۔

انہوںنے کہاکہ دونوں جانب کے مختلف شعبہ ہائے زندگی کے افراد کی ملنساری میں اضافے سے بیلٹ اینڈ روڈ پر ہم آہنگی بڑھے گی۔ انہوںنے کہاکہ مشاہد حسین سید نے مارچ 2019ء میں سی پیک سیاسی جماعتوں کی مشترکہ مشاورت کے طریقہ کار کی تخلیق میں بھی اہم کردار ادا کیا ہے،اس ضمن میں چین کی کمیونسٹ پارتی کے انٹرنیشنل ڈیپارٹمنٹ کے کردار کو بھی سراہتا ہوں ۔

انہوںنے کہاکہ دونوں کی کاوش کی بناء پر ہی مارچ 2019ء میں ’بیجنگ اعلامیہ‘ کی منظوری ممکن ہوئی تھی ۔ انہوںنے کہاکہ سی پیک نے دو طرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے، معاشی وسماجی ترقی کو نئی بلندیوں سے ہمکنار کرنے میں مدد دی ہے۔ انہوںنے کہاکہ سی پیک دوسرے مرحلے میں داخل ہوگیا ہے جس میں صنعتی، سماجی ومعاشی تعاون پر توجہ مرکوز کی گئی ہے،یہ مرحلہ مقامی آبادیوں کے لئے ترقی وخوشحالی لائے گا۔

انہوںنے کہاکہ ترجیحی خطوں کے ساتھ پاکستان کی ترقی میں اضافہ کی راہ ہموار ہوگی۔ انہوںنے کہاکہ نومبر 2018 اور اپریل 2019ء میں وزیراعظم کے دورہ اور دوسرے بیلٹ اینڈ روڈ فورم میں شرکت سے چین اور پاکستان میں اشتراک عمل مزید مضبوط ہوا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ ہماری حکومت کی اول دن سے بنیادی توجہ غربت کے خاتمے، صنعتی ترقی، تعلیم، ٹیکنالوجی اور سائنسی تخلیق اور زرعی ترقی پر مرکوز ہے ۔

انہوںنے کہاکہ انسداد بدعنوانی کے لئے ہماری کوششیں بھی رنگ لارہی ہیں ، عوام کی معاشی وسماجی بہتری کے لئے کوششوں پر توجہ دی جارہی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ دونوں ممالک کی مشترکہ سوچ ہے کہ ہم اپنے عوام سمیت تمام بنی نوع انسان کی بہتری چاہتے ہیں ۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ اپنی صلاحیتوں کو مشترکہ طورپر استعمال میں لاکر ترقی کا ہدف حاصل کرنا چاہتے ہیں۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور چین کی تزویراتی شراکت داری وتعاون کو مزید تقویت دیں گے تاکہ چین، پاکستان اور دنیا کے عوام تک ثمرات پہنچیں ۔انہوںنے کہاکہ چین اور پاکستان 2019ء کو باہمی تعلقات کے سال کے طورپر منا رہے ہیں، عوام کی سطح پر مراسم کو ایک نئے درجے تک بڑھانے کی امید ہے۔ انہوںنے کہاکہ نائب صدر چین کے دورہ پاکستان سے دونوں ممالک کے تعلقات مزید پختہ ہوں گے اور فروغ پائیں گے۔ انہوںنے کہاکہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے نائب صدر چین کا پاکستان کو دورہ کرنے پر خصوصی شکریہ ادا کیا۔