سی سی پی او کے مختلف گرجا گھروں اور مسیحی تنصیبات کے دورے

پولیس جوانوں کے بلند مورال پر اظہار اطمینان، نقد انعام اور سرٹیفکیٹ دینے کا اعلان

اتوار 26 مئی 2019 18:35

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مئی2019ء) سی سی پی او لاہور بی اے ناصر نے اتوار کو مختلف گرجا گھروں اور مسیحی تنصیبات کے دورے کر کے وہاں سکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات پولیس افسروں اور جوانوں سے ملاقات کی۔ انہوں نے پولیس کے جوانوں کا مورال بلند ہونے پر شاباش دی۔ اپنے دورے کے پہلے مرحلے میں سی سی پی او نے یونائیٹڈ کرسچن ہسپتال لبرٹی چوک کے باہر تعینات پولیس سکواڈ کے جوانوں سے فردا فردا ہاتھ ملایا۔

سربراہ لاہور پولیس نے بعد ازاں کینٹ کے علاقے میں پرانے ائیرپورٹ کے قریب مرکزی چرچ اور سرفراز رفیق روڈ پر سینٹ جوزف چرچ کا بھی دورہ کیا۔ انہوں نے پولیس کے جوانوں کو پیشہ ورانہ انداز میں ڈیوٹی جاری رکھنے کی ہدایت کی جبکہ جوانوں کی حوصلہ افزائی کے لئے انعام اور سرٹیفکیٹ دینے کا بھی اعلان کیا۔

(جاری ہے)

قبل ازیں سی سی پی اولاہور بی اے ناصر نے ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب کوشہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔

انہوں نے جیل روڈ پر خانہ فرہنگ ایران کے باہر سکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات پولیس جوانوں سے ملاقات کی۔ سی سی پی او نے مال روڈ پر جامعہ مسجد شہد، جامعہ مسجد اقصی کا بھی دورہ کیا۔ انہوں نے یوم شہادت حضرت علی کے حوالے سے خصوصی ہدایات جاری کیں۔ اپنے دورے میں وہ شادمان کالونی میں مسجد تجلی کعبہ بھی گئے اور وہاں تعینات پولیس جوانوں سے اظہار یکجہتی کیا۔ بعدازاں انہوں نے مسجد اہلحدیث لارنس روڈ کا دورہ کیا۔ سی سی پی او نے پولیس جوانوں کے بلند مورال پر اطمینان کا اظہار کیا اور ان کے جذبے پر انہیں شاباش دی۔ اس موقع پر سی سی پی او لاہور نے جوانوں کو نقد انعام اور تعریفی سرٹیفکیٹ دینے کا اعلان کیا۔