ض*حکومت ،افواج سہولیات فراہم کرے تو مایوس نہیں کروں گا، کوہ پیما ثاقب الرحمن

اتوار 26 مئی 2019 20:15

7 اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 مئی2019ء) پاکستانی کوہ پیما سائیکلسٹ ثاقب الرحمن نے کہا ہے کہ حکومت اور افواج پاکستان سہولیات فراہم کرے تو مایوس نہیں کروں گا۔اتوار کو میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ وہ پہلے پاکستانی شہری ہیں کہ جس نے نوے روز کے اندر دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی سیاہ چین گلیشئرکے ٹو پوائنٹ نمبر ٹو میموریل بیس کیمپ 21 ہزار فٹ بلند ی پر سائیکل چلا کر پہلے پاکستانی ہونے کا اعزاز حاصل کیا ، 1954ئ میں دریافت ہونے والی چوٹی کے ٹو پر آج تک کسی پاکستانی یا غیر ملکی کوہ پیما نے سائیکل نہیں چلائی، یہ میرے لئے زندگی اور موت کا کھیل تھا،ہمارے جذبے کے آگے دنیا کا کوئی ایڈونچر بھی ہمارے لئے مشکل نہیں ہے، انہوں نے کہا کہ میرے کے ٹو کے سفر کی تمام سہولیات افواج پاکستان نے برداشت کیں،انہوں نے کہا کہ میں افواج پاکستان کی جانب سے تمام سہولیات فراہم کرنے پر آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل میجرجنرل آصف غفور اور ان کی ٹیم کا شکریہ گزار ہوں،اگر افواج پاکستان سہولیات فراہم نہ کرتی تو میرے لئے یہ اعزاز حاصل کرنا بہت مشکل ہوتا کیونکہ میرے پاس اتنے وسائل نہیں تھے۔

(جاری ہے)

ثاقب الرحمن نے کہا کہ وہ سائیکل پر شہدائ افواج پاکستان کے نام پر حج کرنا چاہتا ہے اور اس سلسلہ میں افواج پاکستان ان کو سہولیات فراہم کرے، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اگرحکومت یا سپانسر میرے ساتھ تعاون کرے تو میں مزید چوٹیاں عبور کرنے کی صلاحیت رکھتا ہوں لیکن وسائل کی کمی کے باعث میرے لئے مختلف چوٹیاں سر کرنا بہت مشکل ہے ،حکومت کو میری خدمات سے فائدہ اٹھانا چاہئے تاکہ دنیا میں ملک و قوم کا نام روشن کر سکوں، ملتان سے تعلق رکھنے والے ثاقب الرحمن نے ایک اور سوال کے جواب میں کہا کہ میں اپنے ٹیلنٹ کے ذریعے دنیا کو ایک پیغام دینا چاہتا ہوں کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے اور عالمی سیاحت کیلئے موزوں ہے۔