Live Updates

پی ٹی ایم کارکنان کومذموم مقاصد کیلئےاُکسایا جا رہا ہے، ترجمان پاک فوج

پی ٹی ایم کے معصوم کارکنان کا خیال رکھنے کی ضرورت ہے، چند افراد مذموم مقاصد کیلئے انہیں ریاستی اداروں کیخلاف استعمال کر رہے ہیں۔ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ اتوار 26 مئی 2019 21:50

پی ٹی ایم کارکنان کومذموم مقاصد کیلئےاُکسایا جا رہا ہے، ترجمان پاک ..
راولپنڈی(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔26 مئی 2019ء) پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ پی ٹی ایم کارکنان مذموم مقاصد کیلئے اُکسایا جا رہا ہے، پی ٹی ایم کے معصوم کارکنان کا خیال رکھنے کی ضرورت ہے، چند افراد مذموم مقاصد کیلئے انہیں ریاستی اداروں کیخلاف استعمال کر رہے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ شرپسند گروہ نے شمالی وزیرستان کی خاڑ کمر چیک پوسٹ پر حملہ کیا۔

محسن جاوید اور علی وزیر کی سربراہی میں ایک گروہ نے چیک پوسٹ پر حملہ کیا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ شمالی وزیرستان واقعہ  میں پی ٹی ایم کے معصوم کارکنان کا خیال رکھنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ چند افراد مذموم مقاصد کیلئے انہیں اُکسا رہے ہیں اور ریاستی اداروں کیخلاف استعمال کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

دوسری جانب وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے مختلف ٹی وی چینلز سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خاڑکمر چیک پوسٹ پر حملہ انتہائی افسوسناک واقعہ ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، اس افسوسناک واقعے میں ایک جتھے کی شکل میں افواج پاکستان کی چیک پوسٹ پر حملہ آور ہو کر دہشت گردوں کو چھڑانے کی کوشش کی گئی، یہ واقعہ ایک ایسے وقت میں ہوا ہے جب چین کے نائب صدر پاکستان کی موجودہ قیادت اور عوام کے ساتھ جڑے ترقی و خوشحالی کے مشن کو تقویت دینے آ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ریاست اور ریاستی اداروں کے خلاف ایک منظم سازش کے تحت ایک ایسا ماحول پیدا کیا گیا جہاں سے کچھ شرپسند عناصر مسلسل پاکستان مخالف سرگرمیوں میں ملوث تھے ، نو گو ایریا تھا لیکن وزیراعظم عمران خان ہی ملک کے وہ واحد وزیراعظم ہیں جنہوں نے قبائلی علاقوں میں جا کر قبائلی عوام کے زخموں پر مرہم رکھا، ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہوئے اور ان کو مرکزی سیاسی نظام کے اندر حصے دار بنایا۔

انہوں نے کہا کہ یہ سارا عمل احسن طریقے سے چل رہا تھا اور علاقے کی تعمیروترقی کے لیے انقلابی اقدامات ہو رہے تھے، وزیراعظم عمران خان کی بصیرت کی روشنی میں قبائلی علاقوں میں تعمیروترقی کے عمل کو تیز کیا جا رہا تھا اور انشااللہ اس عمل کو مذید تیز بھی کیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے ان علاقوں میں جہاں سے بارود کی بدبو آتی تھی وہاں انہوں نے پھولوں کی خوشبو کو مہکنے پر مجبور کیا اور وہاں وزیراعظم عمران خان کے اقدامات سے قبائلی عوام کے ان تمام حقوق کی طرف مثبت پیشرفت کا آغاز ہوا، اب جس استقامت، جرات، صبر اور عظیم جذبہ حب الوطنی سے قبائلی عوام نے مصائب اور مشکلات کا سامنا کیا ، آج انہیں آئینی و جمہوری حقوق اور ترقی و خوشحالی کے ثمرات ملنے کا وقت آیا تو یہ کچھ شرپسند عناصر اس ترقی و خوشحالی کے راستے میں روڑے اٹکا رہے ہیں۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات