Live Updates

علی وزیرکی چیک پوسٹ پر تعینات فوجیوں کیخلاف تلخ جملوں کی ویڈیو

ویڈیو میں علی وزیر چیک پوسٹ پر تعینات فوجیوں سے تلخ کلامی میں بات کررہے ہیں اور ان کو کہہ رہے ہیں کہ تم زیادتی کرتے ہو،تم ظلم کرتے ہو۔ پی ٹی ایم رکن قومی اسمبلی علی وزیرکی فوجیوں سے سخت الفاظ میں گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ اتوار 26 مئی 2019 22:11

علی وزیرکی چیک پوسٹ پر تعینات فوجیوں کیخلاف تلخ جملوں کی ویڈیو
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔26 مئی 2019ء) پی ٹی ایم رہنماء اور رکن قومی اسمبلی علی وزیرکی چیک پوسٹ پر تعینات فوجیوں کیخلاف اشتعال دلانے کی ویڈیو سامنے آگئی، ویڈیو میں علی وزیر چیک پوسٹ پر تعینات فوجیوں سے تلخ کلامی میں بات کررہے ہیں اور ان کو کہہ رہے ہیں کہ تم زیادتی کرتے ہو،تم ظلم کرتے ہو۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق چیک پوسٹ پر فوجیوں پر حملے سے قبل کی ایک ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں پی ٹی ایم رہنماء اور رکن قومی اسمبلی علی وزیرچیک پوسٹ پر تعینات جوانوں پر پریشر ڈال رہے ہیں ، ان سے تلخ جملے کہ تم زیادتی کرتے ہو، تم ظلم کرتے ہو، اس طرح کے جملے بول کر وہاں پی ٹی ایم کارکنان کے جذبات کو اکسا رہے ہیں اور مشتعل ہونے پر مجبور کررہے ہیں۔

پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور کا کہنا ہے کہ شرپسند گروہ نے شمالی وزیرستان کی خاڑ کمر چیک پوسٹ پر حملہ کیا۔

(جاری ہے)

محسن جاوید اور علی وزیر کی سربراہی میں ایک گروہ نے چیک پوسٹ پر حملہ کیا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ شمالی وزیرستان واقعہ  میں پی ٹی ایم کے معصوم کارکنان کا خیال رکھنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ چند افراد مذموم مقاصد کیلئے انہیں اُکسا رہے ہیں اور ریاستی اداروں کیخلاف استعمال کر رہے ہیں۔ دوسری جانب وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے مختلف ٹی وی چینلز سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خاڑکمر چیک پوسٹ پر حملہ انتہائی افسوسناک واقعہ ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، اس افسوسناک واقعے میں ایک جتھے کی شکل میں افواج پاکستان کی چیک پوسٹ پر حملہ آور ہو کر دہشت گردوں کو چھڑانے کی کوشش کی گئی، یہ واقعہ ایک ایسے وقت میں ہوا ہے جب چین کے نائب صدر پاکستان کی موجودہ قیادت اور عوام کے ساتھ جڑے ترقی و خوشحالی کے مشن کو تقویت دینے آ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ریاست اور ریاستی اداروں کے خلاف ایک منظم سازش کے تحت ایک ایسا ماحول پیدا کیا گیا جہاں سے کچھ شرپسند عناصر مسلسل پاکستان مخالف سرگرمیوں میں ملوث تھے ، نو گو ایریا تھا لیکن وزیراعظم عمران خان ہی ملک کے وہ واحد وزیراعظم ہیں جنہوں نے قبائلی علاقوں میں جا کر قبائلی عوام کے زخموں پر مرہم رکھا، ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہوئے اور ان کو مرکزی سیاسی نظام کے اندر حصے دار بنایا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات