شارجہ میں مقیم پاکستانی بچہ زہریلے اسپرے کے باعث جاں بحق

بدنصیب بچے کی بہن اور والدین بھی اسپرے سے متاثر ہونے کے باعث ہسپتال منتقل

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 27 مئی 2019 11:30

شارجہ میں مقیم پاکستانی بچہ زہریلے اسپرے کے باعث جاں بحق
دُبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،27 مئی 2019ء) دُبئی میں مقیم ایک پاکستانی کُنبے کے ساتھ انتہائی افسوس ناک واقعہ پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں ایک پاکستانی بچہ زندگی کی بازی ہار گیا ہے جبکہ اُس کے گھر کے باقی افراد بھی ہسپتال پہنچ گئے، تاہم اُن کی حالت اب بہتر بتائی جا رہی ہے۔ یہ واقعہ شارجہ کے علاقے النہدہ کے ایک اپارٹمنٹ میں مقیم پاکستانی خاندان کے ساتھ پیش آیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق گھر میں زہریلا سپرے کرنے کے باعث کومل ایس خان نامی دس سالہ بچے کی حالت خراب ہو گئی جسے فوری طور پر مقامی ہسپتال لے جایا گیا ، جہاں وہ چند گھنٹوںتک زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد دم توڑ گیا۔ اس زہریلے سپرے کا اثر متوفی بچے کی بہن خوازیہ اور اُس کے 42سالہ والد شفیع اللہ خان اور41 سالہ والدہ عارفہ شفیع خان پر بھی ہوا۔

(جاری ہے)

تاہم تھوڑی دیر ہسپتال میں رہنے کے بعد اُن کی حالت سُدھر گئی اور اُنہیں ڈسچارج کر دیا گیا۔ مگر اس واقعے میں اُن کا بیٹا جاں بحق ہو گیا۔ سوگوار خاندان کی میڈیکل رپورٹس سے پتا چلا ہے کہ اُن کی حالت زہریلے کیمیکلز کے باعث خراب ہوئی۔ پولیس کے مطابق مبینہ طور پر اس فیملی نے گھر میں ایلومینیم فاسفائید نامی زہریلے کیمیکل کا چھڑکاﺅ کیا تھا، جو سانس کے ذریعے انسانی جسم میں داخل ہونے کے بعد ان کی حالت خراب ہوئی اور بالآخر اس کے نتیجے میں 10 سالہ بچہ زندگی سے محروم ہو گیا۔ پولیس نے عوام کو تاکید کی ہے کہ وہ گھر میں مچھر مار اسپرے کا چھڑکاﺅ صرف پیشہ ور کمپنیوں کے ذریعے کروائیں۔ اور اسپرے کے بعد چند گھنٹے گھر سے باہر گزاریں تاکہ زہریلی گیس کے اثرات کم ہو جائیں۔