یوم علی رضی اللہ عنہ پر ملک کے کئی شہروں میں موبائل فون سروس بند اور ڈبل سواری پر پابندی

ملک بھر چوتھے خلیفہ راشد ؓ کا یوم شہادت عقیدت و احترام سے منایا جارہا ہے‘سیکورٹی کے سخت انتظامات

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 27 مئی 2019 11:42

یوم علی رضی اللہ عنہ پر ملک کے کئی شہروں میں موبائل فون سروس بند اور ..
لاہور /کراچی(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔27 مئی۔2019ء) پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت ملک بھر میں یوم علی رضی اللہ تعالیٰ آج عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے. باب المدین العلم، معدن الحلم، شیر خدا سیدنا علی کرم اللہ وجہہ الکریم کا یوم شہادت آج عقیدت و احترام سے منایا جارہا ہے، اس سلسلے میں ملک بھر میں چھوٹے بڑے جلوس نکالے جائیں گے جن کی سیکورٹی کیلئے سخت انتظامات کیے گئے ہیں.

کراچی میں جلوس کے راستوں کو حتمی شکل دی جاچکی ہے، جلوس کی حفاظت کیلئے آس پاس کے راستوں اور گلیوں کو کنٹینرزلگا کر بند کردیا گیا ہے.

(جاری ہے)

نشتر پارک سے برآمد ہونے والے مرکزی جلوس کی گزرگاہوں کوکنٹینرلگاکربند کردیاگیا ہے جبکہ دکانوں کوبھی عارضی طورپرسیل کیاگیاہے. مرکزی جلوس کی سیکورٹی کیلئے 5ہزار 500سے زائد پولیس افسروں اور اہلکاروں کو تعینات کیاگیاجبکہ مرکزی جلوس مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا کھارادر میں واقع حسینہ ایرانیہ امام بارگاہ پراختتام پِزیر ہوگا.

شہر کے مختلف علاقوں میں رات گئے پولیس اور رینجرزنے آپریشن بھی کیا،دہلی کالونی،پنجاب کالونی ،گزری اور پی این ٹی کالونی میں ناکہ بندی کے بعد گھرگھرتلاشی لی گئی. ایم اے جناح روڈ پر ہورہے ترقیاتی کام کے باعث جلوس کا روٹ پہلی بار تبدیل کیا گیا ہے‘جلوس دوپہر 12 بجے کے بعد نشتر پارک سے برآمد ہوگا، ایم اے جناح روڈ پر ترقیاتی کام کے باعث جلوس کا روٹ تبدیل کیا گیا ہے ، جلوس کے شروع ہوتے ہی کسی بھی قسم کے ٹریفک کو گرومندر سے جلوس کے روٹ پر جانے کی اجازت نہیں ہوگی.

دوسری جانب سیکورٹی خدشات کے پیش نظر آج لاہور اورکوئٹہ میں موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کردی گئی جبکہ لاہور میں جلوس کے روٹ پرموبائل سروس بند رکھنے کافیصلہ بھی کیا گیا ہے. محکمہ داخلہ بلوچستان نے کوئٹہ میں یوم علی رضی اللہ عنہ کی مناسبت سے موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کی گئی ہے اسی طرح لاہور میں بھی نہ صرف آج مقامی تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے شہر بھر میں نہ صرف تعلیمی ادارے بند ہیں بلکہ انٹرکے ہونے والے بورڈکے امتخانات کو بھی منسوح کردیا گیا ہے اور شہر بھر میں موٹرسائیکل پر ڈبل سواری پر پابندی عائد ہے.

محکمہ داخلہ کے نوٹیفکیشن کے مطابق شہریوں پر ہر قسم کے آتشیں اسلحہ کی نمائش اور لے کر چلنے پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے. ایس ایس پی آپریشنز لاہوراسماعیل کھاڑک کے مطابق مرکزی جلوس کے داخلی راستوں پرعزاداروں کی تین مقامات پر تلاشی لی جائے گی، تمام جلوسوں کی سیف سٹی اتھارٹی اورضلعی انتظامیہ کے سی سی ٹی وی کیمروں سے مانٹیرنگ کی جائے گی، پولیس کے تین ہزار سے زائد جوان اور افسر سکیورٹی ڈیوٹی پر موجود ہوں گے، کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے رینجرزکے جوان ا سٹینڈبائے ہونگے.

پنجاب حکومت نے دہشتگردی کے خدشات کے پیش نظر لاہور میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی بھی عائد کردی ہے اور اس حوالے سے ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ پنجاب کی جانب سے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق 27مئی کو ڈبل سواری پر پابندی ہوگی. اسی طرح یوم شہادت حضرت علی رضی اللہ عنہ کے موقع پر میٹروبس سروس کو محدود کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور میٹروبس سروس گجومتہ سے ایم اے او کالج تک چل رہی ہے، میٹروبس اتھارٹی کاکہناتھاکہ یہ فیصلہ باہمی مشاورت اور ایم اے او کالج سے شاہدرہ تک میٹرو بس بند رہے گی.

میٹروبس اتھارٹی کا مزید کہناتھاکہ کل سے میٹروبس سروس مکمل بحال ہوجائے گی اورشاہدرہ سے گجومتہ تک چلے گی. پولیس حکام کی درخواست پر ممکنہ دہشت گردی کے پیش نظر پی ٹی اے نے موبائل فون سروس بند کرنے کے احکامات جاری کر دیئے اور آج لاہورکے متعدد علاقوں میں موبائل فون سروس صبح 9 بجے سے رات 8 بجے تک بند رہے گی.