امریکا ایران میں حکومت کی تبدیلی کا خواہاں نہیں،

ایران بات چیت کا خواہش مند ہوا تو میں بھی تیار ہوں،ڈونلڈ ٹرمپ

پیر 27 مئی 2019 13:05

امریکا ایران میں حکومت کی تبدیلی کا خواہاں نہیں،
ٹوکیو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مئی2019ء) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا ایران میں حکومت کی تبدیلی کا خواہاں نہیں ۔ ٹرمپ کا یہ موقف پیرکے روز جاپانی وزیراعظم شینزو ایبے کے ساتھ ملاقات کے دوران سامنے آیا۔ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران بات بات چیت کا خواہش مند ہے۔ اگر انہوں نے اس خواہش کا اظہار کیا تو ہم بھی اس کے خواہش مند ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ امریکا ایرانی حکومت کی تبدیلی کا خواہاں نہیں،ہم جوہری ہتھیار نہیں چاہتے ۔انہوں نے مزید کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ ایران کے ساتھ معاہدہ طے پا جائے گا۔شمالی کوریا کے حوالے سے تبصرے میں ٹرمپ نے شنزوابے کے ساتھ بات چیت میںکہا کہ امریکا اور شمالی کوریا کے درمیان احترام پایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شمالی کوریا کے ساتھ بہت سی اچھی چیزیں ہوں گی، ہم نے بڑا فاصلہ طے کر لیا ہے۔ واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ 4 روزہ سرکاری دورے پر ہفتے کے روز جاپان پہنچے تھے۔ دورے کا مقصد دونوں ملکوں کے درمیان مستحکم تعلقات کا اظہار ہے۔