پاکستان کے ایٹمی طاقت بننے کی21ویں سالگرہ کی مناسبت سے ’’ یوم تکبیر ‘‘کل منایا جائیگا

مسلم لیگ (ن) کے زیر اہتمام ملک بھر میں خصوصی تقریبات کا اہتمام کیا جائے گا ،ملکی سلامتی کیلئے دعائیں کی جائینگی

پیر 27 مئی 2019 13:37

پاکستان کے ایٹمی طاقت بننے کی21ویں سالگرہ کی مناسبت سے ’’ یوم تکبیر ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مئی2019ء) پاکستان کے ایٹمی طاقت بننے کی21ویں سالگرہ کی مناسبت سے ’’ یوم تکبیر ‘‘ کل ( منگل ) منایا جائے گا ۔ اس دن کی مناسبت سے مسلم لیگ (ن) کے زیر اہتمام ملک بھر میں تقریبات کا اہتمام کیا جائے گا جس میں ملک و قوم کی سلامتی اور ترقی کیلئے دعائیں مانگی جائیں گی ۔ مسلم لیگ (ن) کے زیر اہتمام خصوصی سیمینارزکا بھی انعقاد ہوگا جس میں شرکاء سابق وزیر اعظم و مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف کو خراج تحسین پیش کریں گے ۔

(جاری ہے)

مسلم لیگ (ن) لاہور کے زیر اہتمام ماڈل ٹائون میں تقریب منعقد ہو گی جس میں مریم نواز ، حمزہ شہباز ،شاہد خاقان عباسی ، رانا ثنا اللہ ،خواجہ آصف اور رانا تنویر سمیت دیگر شرکت کریں گے ۔واضح رہے کہ پڑوسی ملک بھارت 1974 میں ہی ایٹمی تجربہ کر کے خطے میں ایٹمی اسلحہ کی دوڑ شروع کرچکا تھا جس نے مئی 1998 میں ایک مرتبہ پھر ایٹمی دھماکے کئے تاکہ پاکستان پر دبا ڈالا جاسکے جس کے جواب میں پاکستان نے بھی 28 مئی 1998 کو صوبہ بلوچستان کے ضلع چاغی کے مقام پر پانچ کامیاب ایٹمی دھماکے کر کے بھارت کو بھرپور جواب دیا تھا۔