ْ بصارت سے محروم لوگ صلاحیتوں کے اعتبار سے ہم سے کم تر نہیں ہیں‘ڈپٹی کمشنر ریونیو سرگودھا

پیر 27 مئی 2019 13:40

سرگودھا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مئی2019ء) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو کیپٹن (ر) شعیب علی نے کہا ہے کہ بصارت سے محروم لوگ صلاحیتوں کے اعتبار سے ہم سے کم تر نہیں ہیں ۔ ان کی صلاحیتوں سے خاطر خواہ فائدہ اٴْٹھانا بہت ضرور ی ہے ۔ جو لوگ دوسروں کی حاجات پوری کرتے ہیں۔ درحقیقت وہ صدقہ ٴ جاریہ میں مصروف عمل ہیں۔ مایوس اور مصائب میں مبتلا دلوں کو خوشی عطا کرنا عین عبادت ہے ۔

موجودہ حکومت معذورین کی بحالی کے لیے منصوبہ جات تشکیل دے رہی ہے ۔ اٴْنھوں نے ایسوسی ایشن آف دی بلائنڈز کی سالانہ تقسیم راشن برائے عید کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نابینا افراد کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔ یہ ہمارا قومی فریضہ ہے ۔ اس موقع پر پی پی پی کے سابق رکن قومی اسمبلی تسنیم احمد قریشی نے کہا کہ نابینا بچوں نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا لیا ہے ۔

(جاری ہے)

ان کی مدد کرنا ہمارا ملّی و اخلاقی فریضہ ہے ۔ ہمیں من حیث القوم نابینائوں کے مسائل حل کرنے کی طرف گامزن ہونا چاہیے۔ ماہر تعلیم پروفیسر ڈاکٹر ہارون الرشید تبسم نے کہا کہ شکستہ دلوں کو حوصلہ دینا حج اکبر سے کم نہیں ہے ۔ ہماری عبادات حقوق العباد کی ادائیگی کے بغیر بے سود ہیں۔ تقریب میں 48مستحق نابینا افراد میں راشن اور کیشن اور ایک شخصیت نے عیدی تقسیم کی۔