غزہ میں حالیہ اسرائیلی بمباری سے 95 لاکھ ڈالر کا نقصان

پیر 27 مئی 2019 13:40

غزہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مئی2019ء) فلسطینی وزارت ہائوسنگ وپبلک افیئر نے کہا ہے کہ غزہ کی پٹی پر اسرائیلی فوج کی حالیہ وحشیانہ بمباری کے نتیجے میں مخلتف شعبوں کو مجموعی طور پر 95 لاکھ ڈالر کا نقصان پہنچا ہے۔مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق فلسطینی وزارت ہائوسنگ کے سیکرٹری ناجی سرحان نے بتایا کہ مئی کے اوائل میں غزہ کی پٹی پراسرائیلی فوج کی طرف سے وحشیانہ بمباری کے نتیجے میں 95 لاکھ ڈالر کا نقصان پہنچا۔

متاثرہ شعبہ جات میں صحت، تعلیم، بنیادی ڈھانچے اور معاشی شعبہ شامل ہیں۔

(جاری ہے)

غزہ میں وزارت اطلاعات کے صدر دفتر میں ایک تقریب سے خطاب میں فلسطینی عہدیدار کا کہنا تھا کہ وزارت ہائوسنگ نے غزہ میں حالیہ اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں ہونے والے نقصان کی تفصیلات اور ڈیٹا اکھٹا کر لیا گیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ تھا کہ غزہ میں اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں مکان سے محروم ہونے والے خاندانوں میں فی کنبہ 2000 ڈالر کی امدادی رقم تقسیم کی گئی ہے جب کی جزوی طور پر متاثرہ مکانات کے مالکان کو 1000 ڈالر اورچھ ماہ تک عارضی رہائش فراہم کرنے، 1200 ڈالر عارضی رہائش کے لیے اور 750 ڈالر معمولی طور پر متاثر ہونے والے مکانات کے مالکان کو دیئے گئے۔