اسرائیل قبلہ اول کے خلاف سازشوں سے باز رہے، اردن

پیر 27 مئی 2019 13:40

عمان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مئی2019ء) اردن کی وزارت خارجہ نے اسرائیل سے مسجد اقصیٰ کے خلاف یہودی آباد کاروں کی اشتعال انگیزی فوری طور پر بند کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔ اردنی حکومت کا کہنا ہے کہ یہودی آبادکاروں کی ماہ رمضان میں قبلہ اول کی بے حرمتی، نمازیوں کو ہراساں کرنا اور محکمہ اوقاف کے عملے کو زدو کوب کرنا ناقابل قبول اقدام ہے۔

(جاری ہے)

مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق اردنی وزارت خارجہ کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل بین الاقوامی قوانین کے تحت حرم قدسی کے معاملے میں عدم مداخلت کا پابند ہے۔ القدس کی تاریخی اور قانونی حیثیت اور مقدس مقام کے تاریخی تشخص کو برقرار رکھنا اسرائیل کی ذمہ داری ہے۔ اسرائیل کی طرف سے فلسطینی نمازیوں پر پابندیاں عائد کرنا اور یہودی آباد کاروں کا قبلہ اول کی مسلسل بے حرمتی کرنا ناقابل قبول ہے۔ان کا کہنا ہے کہ مسجد اقصیٰ میں یہودی آباد کاروں کے دھاوے مذہبی اشتعال انگیزی ہے اور اس کی تمام تر ذمہ داری اسرائیل پر عاید ہوتی ہے۔

متعلقہ عنوان :