یونس اور مصباح کے بعد پی سی بی محمد یوسف کو بھی انڈر19ٹیم کا کوچ بننے پر آمادہ نہ کرسکی

سابق کپتان سال کے 365 دن دستیاب نہیں ہیں: ذرائع پی سی بی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 27 مئی 2019 13:05

یونس اور مصباح کے بعد پی سی بی محمد یوسف کو بھی انڈر19ٹیم کا کوچ بننے ..
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔27مئی 2019ء) پاکستان کرکٹ بورڈ ایک عرصے سے اس کوشش میں ہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ کی طرز پر جونیئر کرکٹ میں بڑے بڑے ناموں والے کرکٹرز کی خدمات حاصل کرے۔ایک طرف بھارت نے سابق کپتان راہول ڈریوڈ کو لا کر ایک کامیاب تجربہ کیا لیکن پاکستان کرکٹ بورڈ اپنی اس کوشش میں اس حوالے سے اب تک کامیاب نہیں ہو سکا ہے اور یونس خان اور مصباح الحق کے بعد اب پی سی بی کے سابق کپتان محمد یوسف کے ساتھ معاملات طے نہیں پا سکے ہیں۔

محمد یوسف کے ساتھ ڈائریکٹر اکیڈمیز مدثر نذر نے بات چیت کا آغاز کیا جو کئی روز چلتی رہی ،مدثر نذر خود بھی محمد یوسف کی خدمات حاصل کرنےکی خواہش کا اظہار ایک انٹرویو میں کر چکے ہیں لیکن پی سی بی کے محمد یوسف کے ساتھ معاملات طے نہیں پا سکے۔

(جاری ہے)

پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ بورڈ جونیئر اور اکیڈمی کی سطح پر کئی ایک عہدوں کے لیے مختلف کرکٹرز کو دیکھ رہا ہے، یہ عمل ابھی جاری ہے کیونکہ ان عہدوں کےلئے کرکٹرز کی ضرورت ہے لیکن محمد یوسف کے ساتھ کوشش کے باوجود معاملات طے نہیں ہو سکے۔

پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ دنوں فریقین کے درمیان معاملات وقت کے معاملے پر طے نہیں ہو ئے، محمد یوسف سال کے 365 دن دستیاب نہیں ہیں۔محمد یوسف کے قریبی ذرائع کے مطابق سابق کپتان نے خود اس پوسٹ کیلئے بڑی دلچسپی کا اظہار کیا کہ وہ پاکستان کرکٹ کےلئے کام کریں، ان کیلئے معاوضے اور وقت کا بھی کوئی مسئلہ نہیں رہا اور اسی لیے معاملات طے نہ پانے کی خبر ان کےلئے بھی حیران کن تھی۔

اس سے قبل پی سی بی سابق کپتان یونس خان کی خدمات بھی حاصل کرنے میں ناکام رہا،یونس خان با اختیار ہو کر ذمہ داریاں سنبھالنے چاہتے تھے لیکن سب سے بڑا ایشو یہ بنا کہ یونس خان جتنا معاوضہ چاہتے تھے بورڈ اتنا دینے کے لیے رضامند نہیں ہے۔یونس خان کے بعد پی سی بی نے مصباح الحق کی خدمات حاصل کرنے خواہش کا اظہا ر کیا لیکن مصباح الحق نے بھی نجی مصروفیت اور وقت کی کمی کا عذر پیش کر دیا، ذرائع کا کہنا ہے کہ مصباح الحق کو پی سی بی پر اس کی غیر مستحکم پالیسیوں کی وجہ سے اعتماد نہیں تھا اور معاہدہ نہ ہونے کی وجہ عدم اعتماد ہی بنا۔