Live Updates

خوشحال پاکستان کا ایجنڈا، سابق حکومت کے پسندیدہ بیوروکریٹس رکاوٹ بن گئے

مسلم لیگ ن کے چہیتے بیوروکریٹس پاکستان تحریک انصاف حکومت کی پالیسوں کو ناکام بنانے کے لیے سرگرم ہیں

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 27 مئی 2019 13:13

خوشحال پاکستان کا ایجنڈا، سابق حکومت کے پسندیدہ بیوروکریٹس رکاوٹ بن ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 27 مئی 2019ء) : خوشحال پاکستان کے ایجنڈے پر جہاں ایک طرف پاکستان تحریک انصاف کی حکومت اقدامات کر رہی ہے وہیں دوسری جانب سابق حکومت کے چہیتے اور من پسند بیوروکریٹس حکومت کے اس ایجنڈے میں روڑے اٹکا رہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق اس ضمن میں کچھ انکشافات سامنے آئے ہیں۔ قومی اخبار میں شائع رپورٹ میں بتایا گیا کہ سول سروس ریفارمز کمیٹی نے 6 ماہ قبل خوشحال پاکستان ایجنڈا کے حوالے سے حتمی سفارشات پیش کر دی تھیں لیکن اس پر عمل درآمد نہیں ہو سکا۔

سابق حکومت کے من پسند بیوروکریٹس اور فواد حسن فواد کے قریبی رفقا کلیدی عہدوں پر براجمان ہو کر پاکستان تحریک انصاف حکومت کی پالیسوں کو ناکام بنانے کے لیے کافی سرگرم ہیں جس کی وجہ سے سول سروس ریفارمز سمیت ملکی ترقی کے اہم ایجنڈے کو سردخانے کی نذر کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع نے بتایا کہ ڈاکٹر عشرت حسین کی جانب سے قائم کردہ سول سروس ریفارمزکمیٹی نے 6 ماہ قبل حتمی سفارشات پیش کر دی تھیں لیکن اس پر تاحال عمل درآمد نہیں ہو سکا ، جبکہ اس کے علاوہ وزیر اعظم کے 100 دن کے ایجنڈہ میں 10 لاکھ نوجوانوں کو نوکریاں دینے کے لیے حکمت عملی تیار کرنے ، ایس ایم آئی سیکٹر کی بحالی، ٹیکس، صحت اور تعلیم کے شعبہ میں اصلاحات لانی تھیں لیکن فواد حسن فواد کے قریبی ساتھیوں کے وفاقی و صوبائی وزارتوں میں غلبہ کی وجہ سے معاملات رکے ہوئے ہیں ۔

یہ بیوروکریٹس جیل میں فواد حسن فواد سے خفیہ ملاقاتیں بھی کر چکے ہیں ۔ ذرائع کے مطابق ان بیوروکریٹس نے کرپشن کیس میں گرفتار بیوروکریٹ احد چیمہ کی گرفتاری کے خلاف احتجاج بھی کیا تھا۔ موجودہ حکومت نے وفاقی سیکرٹریز کی تعیناتی کے حوالے سے 6 رکنی کمیٹی تشکیل دی تھی لیکن وہ بھی کوئی کام نہیں کر رہی۔ اور یوں مسلم لیگ ن کے منظور نظر اور چہیتے بیوروکریٹس موجودہ حکومت کے خوشحال پاکستان ایجنڈا کو ناکام بنانے اور اس کی راہ میں روڑے اٹکانے کے لیے کافی سرگرم ہیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات