بھارتی مسلمان نے بیٹے کا نام’ نریندر مودی‘ رکھ دیا

دیش میں مودی آگیا، ہمارے گھر میں بھی مودی آگیا،بھارتی مسلمان مشتاق احمد

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ پیر 27 مئی 2019 14:44

بھارتی مسلمان نے بیٹے کا نام’ نریندر مودی‘ رکھ دیا
لاہور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27مئی2019) دبئی میں رہنے والے ایک بھارتی مسلمان نے اپنے بیٹے کا نام ’نریندر دامودرداس مودی‘ رکھ دیا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ انہوں نے ایسا اس لیے کیا کیونکہ وہ چاہتے ہیں کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی ان سے ملنے ان کے گھر آئیں۔ اماراتی میڈیا کے مطابق دبئی میں رہنے والے مشتاق احمد نامی بھارتی مسلمان کی خواہش ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی ان سے ملنے ان کے گھر آئیں اور اپنی اسی خواہش کو پورا کرنے کے لیے انہوں نے اپنے 3 دن کے بیٹے کا نام ’نریندر دامودرداس مودی‘ رکھ دیا ہے۔

مشتاق احمد نے کہا ہے کہ ان کی بڑی خواہش ہے کہ وہ نریندر مودی سے ملاقات کریں اسی لیے انہوں نے اپنے بیٹے کا نام نریندر دامودرداس مودی رکھا ہے۔ انہوں نے اپنے اس خواب کا اظہار کرتے ہوئے مزید کہا کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی ان کے گاؤں اتر پردیش آئیں اور ننھے مودی سے ملاقات کریں اور اس کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کریں۔

(جاری ہے)

مشتاق کا آبائی گاؤں اتر پردیش میں ہے جبکہ وہ خود دبئی سے 150 کلو میٹر دور ہتہ کی ایک کمپنی میں ملازمت کرتے ہیں۔

مشتاق احمد کا کہناہے کہ انہوں نے اپنے بیٹے کا نام نریندر مودی بالکل اسی دن رکھا جس دن بھارت میں نریندر مودی کو انتخابات میں جیت ہوئی۔ انہوں نے مزید بتایا ہے کہ 23 مئی کو ان کی اہلیہ نے انہیں فون پر مبارک باد دی کہ ان کے ہاں لڑک پیدا ہوا ہے جس کے بعد انہوں نے فوراً اگلا سوال کیا کہ ’مودی الیکشن جیت گئے؟‘ ان کی بیوی نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’ہاں‘ تومشتاق احمد نے کہا ”دیش میں مودی آگیا، ہمارے گھر میں بھی مودی آگیا۔

“ مشتاق احمد نے مزید بتایا ہے کہ وہ جانتے ہیں کہ بھارت میں سب ان کے بیٹے کا ’مودی، مودی‘ کہہ کر مذاق اس کا اڑائیں گے لیکن وہ یہ بھی جانتے ہیں کہ جب ان کا بیٹا مودی بڑا ہوجائے گا تو کسی کی ہمت نہیں ہوگی کہ کوئی اس کو تنگ کر سکے کی کیوں کہ وہ ’نریندر مودی‘ ہے۔