Live Updates

ملک میں اپوزیشن کے نام پر کرپٹ مافیا کا ٹولہ متحد ہو چکا ہے ،اعجازاحمد چوہدری

پیر 27 مئی 2019 15:14

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مئی2019ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری جنرل اعجازاحمد چوہدری نے کہا کہ ملک میں اپوزیشن کے نام پر کرپٹ مافیا کا ٹولہ متحد ہو چکا ہے جس کے پاس متفقہ بیانیہ ہے ہی نہیں، مریم نواز اور بلاول زرداری دونوں اپنے اپنے والد کے لیے ڈیل اور ڈھیل چاہتے ہیں جو وزیراعظم عمران خان کے ہوتے ہوئے کسی صورت ممکن نہیں،شہبازشریف لا پتہ قائد حزب اختلاف ہیں، کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نوازشریف اور شہباز شریف کا الگ الگ بیانیہ مفادات کے تحت رخ بدلتا ہے، (ن) لیگ اندرونی اختلاف کا شکار ہوچکی ہے ۔

انہوں نے کہاکہ حکومت نیب سمیت دیگر اداروں کے ساتھ کھڑی ہے،جن کی گردنوں کے گرد نیب کا شکنجہ تنگ ہوتا جا رہا ہے وہ ہی زیادہ شور مچا رہے ہیں ، اپوزیشن کسی غلط فہمی میں نہ رہے اداروں کو اپنا تابع بنانے کے دن گنے جا چکے ہیں، عدالتوں کو یرغمال بنا کر فیصلے نہیں لیے جا سکتے، من پسند فیصلوں کا وقت گزر چکا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ حزب اختلاف چیئرمین نیب کی مبینہ آڈیو کے معاملے پر جان بوجھ کر وزیراعظم کو ملوث کر رہی ہے حالانکہ حکومت کا اس معاملے پر واضح بیان آ چکا ہے، اب عوام اور ان کے حقوق کی سیاست ہو گی، بہت جلد عوام معاشی مشکلات سے نجات حاصل کر لے گی ،شخصیت پرستی کی سیاست کا خاتمہ ہو گیا، عمران خان پر تنقید کرنے والوں کو آئینے میں چہرہ دیکھ کر احساس ہوگا کہاں عمران خان اور کہاں یہ تخت لاہور کے قیدی ،کرپٹ لوگوں کو عمران خان پر تنقید کرنا زیب نہیں دیتا، سیاسی یتمیوں کا ٹولہ عمران خان پر تنقید کر رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہاکہ(ن) لیگ کی نااہلی کی وجہ سے ملک کے گردشی قرضوں میں 450ارب روپے کااضافہ ہو ا، وہ وقت دور نہیں جب معیشت مستحکم اور قوم خوشحال ہو گی، ایک دہائی بعد پاکستان سٹاک ایکسچینج میں 2135 پوائنٹس کا اضافہ ایک نیا ریکارڈ اور گزشتہ دو دن میں حصص کے کاروبار میں یہ سب سے زیادہ اضافہ ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات