شائستہ پرویز ملک کی ریکوری نوٹسز کیخلاف درخواست دو رکنی بنچ کو بھجوا دی گئی

پیر 27 مئی 2019 16:58

شائستہ پرویز ملک کی ریکوری نوٹسز کیخلاف درخواست دو رکنی بنچ کو بھجوا ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مئی2019ء) لاہور ہائیکورٹ نے ایف بی آر کی نادہندہ مسلم لیگ ن کی ایم این اے شائستہ پرویز ملک کی ریکوری نوٹسز کیخلاف درخواست دو رکنی بنچ کو بھجوا دی۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس عابد عزیز شیخ نے شائستہ پرویز ملک کی درخواست پر سماعت کی۔عدالت نے قرار دیا کہ انکم سپورٹ لیوی ٹیکس کے نوٹسز اور قانون پر ہائیکورٹ کے دو الگ الگ فیصلے آ چکے ہیں، سنگل بنچ کے فیصلوں کیخلاف اپیلیں دو رکنی بنچ کے پاس زیر سماعت ہیں، مناسب ہوگا کہ یہ درخواست بھی وہاں پیش کی جائیں۔

(جاری ہے)

عدالت کے رو برو درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ درخواست گزارشائستہ پرویز ملک ایک رجسٹرڈ ٹیکس پیئر ہیںاور فقہ کے مطابق زکوٰة بھی ادا کرتی ہیں،درخواست گزار نے ہمیشہ قانونی طور پر ٹیکس ادا کیا اور کبھی ڈیفالٹ نہیں کیا ہے جبکہ ایف بی آر نے درخواستگزار کو 3 کروڑ، 95 لاکھ 12 ہزار 845 روپے کے اثاثوں پر نوٹس بھجوائے ہیں، درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ ایف بی آر نے شائستہ پرویز ملک کو 3 لاکھ 72 ہزار 529 روپے کی ریکوری کے نوٹس بھی بھجوائے ہیں حالانکہ ٹیکس عوامی مقاصد کیلئے حکومت کی جانب سے وصول کی جانے والی رقم ہے، درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ انکم ٹیکس لیوی سپورٹ ایکٹ 2013ء آرٹیکل 73 کے سیکشن 2 اے سے متصادم ہے، لہذا عدالت سے استدعا ہے کہ ان لینڈ ریونیو ایف بی آر کی جانب سے انکم سپورٹ لیوی کی وصولی کالعدم قرار دی جائے۔