سرفراز احمد پرٹاپ آرڈر میں بیٹنگ کیلئے دبابڑھنے لگا

اننگز کی تعمیر کیلئے قومی کپتان کو چوتھے نمبر پر کھیلنا چاہئے ،سابق کرکٹرز کا مشورہ

پیر 27 مئی 2019 21:13

سرفراز احمد پرٹاپ آرڈر میں بیٹنگ کیلئے دبابڑھنے لگا
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 مئی2019ء) قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد پر ٹاپ آرڈر میں بیٹنگ کیلئے دبابڑھنے لگا ، بیشتر سابق پلیئرز کا یہی کہنا ہے کہ اننگز کی تعمیر کیلئے انہیں چوتھے نمبر پر کھیلنا چاہئے کیونکہ پانچویں سے ساتویں نمبر پر کھیل کر وہ ٹیم کیلئے کارآمد ثابت نہیں ہو سکتے ہیں۔شاہد آفریدی کے مطابق سرفراز احمد بڑے سٹروکس نہیں کھیل سکتے لہذا انہیں اننگز کی تعمیر کیلئے ٹاپ آرڈر میں کھیلنا ہوگا تاکہ ٹیم بڑا مجموعہ بنا سکے۔

سابق ٹیسٹ کپتان مصباح الحق کے مطابق سرفراز احمد کو یہ بات تسلیم کرنا چاہئے کہ ان کی چوتھے یاپانچویں نمبر پر زیادہ ضرورت ہے جہاں وہ سٹرائیک کو روٹیٹ کر کے ساتھی پلیئرز کو متحرک کرسکتے ہیں کیونکہ اسی طرح سکور بورڈ کو تیزی سے چلایا جا سکتا ہے جبکہ ان کے اوپر کھیلنے سے محمد حفیظ اور شعیب ملک کو بھی زیادہ بہتر طور پر استعمال کیا جا سکے گا۔

(جاری ہے)

معین خان کا کہنا تھا کہ انہوں نے انگلینڈ روانگی سے قبل سرفراز احمد کو مشورہ دیا تھا کہ ضرورت کے وقت وہ اننگز کا آغاز بھی کریں جیسے کہ انہوں نے بطور چیف سلیکٹر انہیں عالمی کپ2015میں اسی طرح کامیابی سے استعمال کیا تھا کیونکہ وہ ایسے بیٹسمین ہیں جنہیں اپنی اننگز کے پیس میں اضافے کیلئے اوورز کی ضرورت ہوتی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ امام الحق،فخر زمان اور بابر اعظم کی عمدہ فارم کے پیش نظر قومی کپتان کو چوتھے نمبر پر کھیلنا چاہئے جس سے محمد حفیظ،شعیب ملک اور آصف علی کو اختتامی اوورز میں جارحانہ انداز سے کھیلنے کا موقع ملے گا۔

وکٹ کیپر کامران اکمل کا کہنا تھا کہ کپتان کو اپنی کارکردگی سے دیگر پلیئرز کیلئے مثال بننا چاہئے اور سرفراز احمد چوتھے نمبر پر کھیلیں تو ان کے ساتھی پلیئرز بھی اس کا موثر جواب دیں گے۔سابق پیسر شعیب اخترکا بھی یہی کہنا تھا کہ سرفراز احمد کو چوتھے نمبر بیٹنگ کرتے ہوئے بطور کپتان اپنا اختیار زیادہ بہتر طور پر سامنے لانا چاہئے۔