قبض کی حالت سے خاتون کی 10 سال کی یادداشت چلی گئی

Ameen Akbar امین اکبر پیر 27 مئی 2019 23:44

قبض کی حالت سے خاتون کی 10 سال کی یادداشت چلی گئی

ہانگ کانگ سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون کی گزشتہ زندگی کے 10 سالوں کی یادداشت چلی گئی ہے۔ مبینہ طور پر اس کی وجہ قبض کی بیماری ہے۔
عام طور پر سمجھا جاتا ہے کہ قبض سے چکر اور سردرد  تو ہوتا ہے لیکن گزشتہ ہفتے سے چینی سوشل میڈیا پر وائرل  ایک خبر کے مطابق قبض سےعارضی  نسیان بھی لاحق ہو سکتا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ایسا ہونا عام نہیں ہے لیکن اگر قبض کے ذیلی اثرات سے دماغ تک آکسیجن کی فراہمی نہ ہو  سکے تو عارضی نسیان لاحق ہو سکتا ہے۔


چائنا نیوز کی رپورٹ کے مطابق قبض میں مبتلا خاتون 8 گھنٹوں تک اپنی 10 سال کی یادداشت بھولی رہیں۔ اس عورت کے خاندان کے ایک فرد، جس نے اس واقعے کو سوشل میڈیا پر بھی پوسٹ کیا ہے، کا کہنا ہے کہ خاتون نے ٹوائلٹ میں زیادہ وقت گزارا، جب وہ باہر آئیں تو پچھلے دس سالوں کی ہر چیز بھول چکی تھیں۔

(جاری ہے)

ان خاتون کا عارضی نیسان 8 گھنٹے بعد ختم ہو گیا۔


چینی سوشل میڈیا پر بہت سے لوگوں نےاس واقعے کو جھوٹ قرار دیا ہے۔ تاہم چینی نیوروسرجن پینگ جیاشیونگ نے تصدیق کی ہے کہ بہت ہی نایاب کیسز میں قبض کے ذیلی اثرات کی بنا پر کسی کو نسیان لاحق ہو سکتا ہے۔ پینگ کا کہنا ہے کہ ایسا خون کے بہاؤ کے دماغ تک نہ پہنچنے کی وجہ سے ہوتا ہے۔ عام طور پر دل دماغ تک آکسیجن ملا خون پہنچاتا ہے لیکن معدے اور پیٹ کے شدید دباؤ کی وجہ سے دماغ تک خون کی فراہمی متاثر ہو سکتی ہے۔

متعلقہ عنوان :