کرکٹر شرجیل خان کا کیریئر ڈانواں ڈول ہونے لگا

پی سی بی کا سزا یافتہ کھلاڑی کو کھیلنے کی اجازت دینے سے انکار

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 28 مئی 2019 14:50

کرکٹر شرجیل خان کا کیریئر ڈانواں ڈول ہونے لگا
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔28مئی 2019ء) پی سی بی نے سپاٹ فکسنگ معاملے میں سزا یافتہ شرجیل خان کو سزا کی مدت ختم ہونے سے پہلے کھیلنے کی اجازت دینے سے انکار کردیا۔شرجیل خان کو پی ایس ایل کے دوسرے سیزن میں سپاٹ فکسنگ کے الزام میں ڈھائی سال کی پابندی عائد کی گئی تھی، یہ سزا رواں برس اگست میں ختم ہونے جارہی ہے، کرکٹر سزا ختم ہونے سے پہلے خود کو کرکٹ کے لیے تیار کرنے کے خواہش مند ہیں۔

ذرائع کے مطابق جارح مزاج بائیں ہاتھ کے بلے باز نے پی سی بی حکام کو درخواست کی تھی کہ انہیں پابندی ختم ہونے سے پہلے کرکٹ سرگرمیوں میں شرکت کی اجازت دی جائے تاہم پی سی بی نے اسے مسترد کردیا ہے۔پی سی بی حکام کا موقف ہے کہ شرجیل خان نے بحالی پروگرام میں شرکت کے لیے وضع کردہ قواعد کو فالو نہیں کیا، جس کے تحت مکمل جرم کا اعتراف کرنا ضروری ہے، شرجیل خان نے صرف رپورٹ نہ کرنے کا اعتراف کیا ہے، انہوں نے فکسنگ کے تحقیقاتی عمل میں بھی تعاون نہیں کیا۔

(جاری ہے)

کھلے عام جرم کا اعتراف کرنے کے ساتھ معافی مانگنا بھی لازمی فعل ہے۔ کرکٹر کو فکسنگ سے بچنے کے لیے پیغامات میں حصہ لینا بھی ضروری تھا تاہم شرجیل خان نے ان میں کسی چیز کو پورا نہیں کیا۔2017 ءمیں پاکستان سپر لیگ کے دوسرے سیزن میں سپاٹ فکسنگ کرنے کے جرم میں اوپنر کو 5 سال کی سزاسنائی گئی تھی، جس میں اڑھائی برس کی معطلی شامل تھی، اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی کرنے والے اوپنر کو پی سی بی اینٹی کرپشن قوانین کی 5 شقوں کی خلاف ورزی کا مرتکب ٹھہرایا گیا تھا۔