مودی کے دوبارہ اقتدار میں آنے سے خیر کی توقع نہیں ، وزیراعظم آزاد کشمیر

تقریب حلف برداری میں سارے سارک ممالک کو دعوت دیکر پاکستان کو دعوت نہ دینے سے ہندوستانی ذہنیت کھل کرسامنے آ گئی ہے، محمد فاروق حیدر کا تقریب سے خطاب

منگل 28 مئی 2019 17:38

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مئی2019ء) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہیکہ پاکستان اللہ رب العزت کا بہت بڑا انعام اور مسلمانوں کے لیے باعث رحمت ہے رمضان المبارک کی ستائیسویں رات کو اس کا قیام عمل میں لایا گیا 28مئی کو قائد پاکستان مسلم لیگ ن نے بطور وزیراعظم ایٹمی دھماکہ کر کے ملکی دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا جس سے لائن آف کنٹرول کے دونوں اطراف بسنے والے کشمیریوں کے حوصلوں کو جلا بخشی اور بھرپور اخلاقی مدد ملی ہندوستان میں دوبارہ مودی آگیا اس سے خیر کی توقع نہیں وزیراعظم پاکستان نے مبارکباد دی اخلاقی تقاضے پورے کئے مگر سارے سارک ممالک کو دعوت دے کر پاکستان کو دعوت نہ دینے سے ہندوستانی ذہنیت کھل کرسامنے آ گئی ہے حکومت پاکستان ہندوستان کے ساتھ برابری کی بنیاد پر تعلقات رکھے۔

(جاری ہے)

26فروری کو ہندوستان کو شکست فاش ہوئی جسے وہ مدتوں یاد رکھے گا ہندوستانی میڈیا نے جنگ کو ہوا دی لیکن پاکستان نے ذمہ داری کا مظاہرہ کیا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم تکبیر کے موقع پر سنٹرل پریس کلب میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ وزیر اعظم نے کہاکہ پاکستان کو ایٹمی قوت بنانے میں ذوالفقار علی بھٹو اور ضیاء الحق کا کردار بھی شامل ہے ۔

محمد نواز شریف نے تمام دبائو کو مسترد کرتے ایٹمی دھماکے کر کے ملکی دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا ۔ انہوں نے کہاکہ ہندوستان ناقابل اعتبار ہے۔ہمارے لیے مدینہ منورہ کے بعد پاکستان بڑی نعمت ہے ۔ انہوں نے کہ مسلم لیگ ایک بہت بڑی جماعت ہے اور ایک خاندان کی طرح ہے اختلاف رائے ہونا بری بات نہیں ، پارٹی کے فورم موجود ہیں ان پر سب کو بات کرنی چاہیے اس حوالہ سے پارلیمانی پارٹی اور مجلس عاملہ کا اجلاس بھی بلایا جائے ۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے کی سزا بہت سے لوگوں کو ملی،ہمارا ایٹمی طاقت ہونا امت مسلمہ کے لیے تحفہ ہے۔وزیر اعظم نے کہاکہ بھارتی میڈیا جھوٹ بول کر ہندوستانی عوام کو گمراہ کرتا ہے ، ہم نے طیارہ مار کر پائلٹ پکڑا مگر بھارتی میڈیا نے اسے ہیرو بنادیا۔ انہوں نے کہا کہ مودی الیکشن جیتنے کے بعد آرٹیکل 35 اے اور دفعہ 370 ختم کرنے کی کوشش کرے گا۔