معاشی و دفاعی اور سیاسی لحاظ سے مستحکم پاکستان ہی تحریک آزادی کشمیر کا ضامن ہو سکتا ہے،چوہدری طارق فاروق

بھارت مکار دشمن ،پاکستان نے ہمیشہ کشمیریوں نے سپورٹ کیا لیکن ان کی موجودگی کے بغیر کوئی بھی مستقل حل ممکن نہیں، سینئر وزیرآزاد کشمیر

منگل 28 مئی 2019 17:41

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مئی2019ء) ڈپٹی سپیکر سردار عامر الطاف کی زیر صدارت ہونے والے آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کے اجلاس میں ممبران اسمبلی کی جانب سے پیش کردہ قراردادوں پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے سینئر وزیر چوہدری طارق فاروق نے کہاکہ معاشی و دفاعی اور سیاسی لحاظ سے مستحکم پاکستان ہی تحریک آزادی کشمیر کا ضامن ہو سکتا ہے ۔

انہوں نے کہاکہ سابق وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف نے بیرونی دبائو کے باوجود ایٹمی دھماکے کر کے پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا ۔سینئر وزیر نے کہاکہ ہندوستان نے کبھی پاکستان کو تسلیم نہیں کیا ۔بھارت ایک مکار دشمن ہے ۔ ہم نے بھارت کا مقابلہ کر نا ہے ۔ ہندوستان اور پاکستان کے مذاکرات کوہمیشہ کشمیریوں نے سپورٹ کیا ہے لیکن کشمیریوں کی موجودگی کے بغیر کوئی بھی مستقل حل ممکن نہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ عالمی برادری اورحکومت پاکستان سے توقع رکھتے ہیں کہ وہ مودی کے جارحانہ رو یے کو روکیں گے اور مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے اقدامات کرینگے ۔ انہوں نے کہاکہ اس وقت ہندوستان کی سات لاکھ افواج مقبوضہ کشمیر میں و ظلم و ستم و بربریت کی انتہاء کررہی ہے ۔ بھارت زیادہ دیر تک طاقت کے بل بوتے پر کشمیریوں کی آزادی کو نہیں دبا سکتا۔

انہوں نے کہاکہ آزادکشمیر کی موجودہ حکومت وزیرا عظم راجہ محمد فاروق حیدرخان کی قیادت میں تحریک آزادی کشمیر کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی ۔ قراردادوں پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے وزیر صنعت و ترقی نسواں محترمہ نورین عارف نے کہاکہ آج کے روز محمد نواز شریف نے بیرونی طاقتوں کے دبائوکو خاطر میں لائے بغیر ایٹمی دھماکے کر کے ہمارے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا۔

یوم تکبیر کے دن محمد نواز شریف کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ کشمیر ی پاکستان کو اپنی امیدوں اور امنگوں کا مرکز سمجھتے ہیں اور وہ اپنی منزل کے حصول کیلئے سات دھائیوں سے قربانیوں کی تاریخ رقم کررہے ہیں۔ ممبراسمبلی فائزہ امتیاز نے کہا کہ آج کا دن پاکستان کی تاریخ کا انتہائی اہم دن ہے جب قائد محمد نواز شریف نے ایٹمی دھماکے کر کے خطے میں طاقت کا توازن برابر کر دیا اور وطن عزیز کے در دیوار نعرہ تکبیر کی صدائوں سے گونج اٹھے ۔یوم تکبیر کے موقع پر قائد محمد نواز شریف، افواج پاکستان اور ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ۔