محکمہ اطلاعات اور سیاحت کو ضرورت کی مطابق فنڈز فراہم کرینگے ،

آزادکشمیر میں سیاحت اور تعمیر وترقی کی کوریج کیلئے باہر سے آنے والے صحافیوں کو سہولیات کیلئے خصوصی فنڈز فراہم کرینگے،وزیر اعظم آزادکشمیر

منگل 28 مئی 2019 20:11

مظفرآباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مئی2019ء) وزیر اعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدرخان نے کہا ہے کہ آمدہ مالی سا ل میں محکمہ اطلاعات اور سیاحت کو ضرورت کی مطابق فنڈز فراہم کرینگے ۔آزادکشمیر میں سیاحت اور تعمیر وترقی کی کوریج کیلئے باہر سے آنے والے صحافیوں کو سہولیات کی فراہمی کیلئے خصوصی فنڈز فراہم کرینگے۔

تیرہویں آئینی ترمیم کے بعد اخبارات کی ڈیکلریشن محکمہ اطلاعات کو منتقل ہو چکی ہے اس کا مکمل ریکارڈ مرتب کیا جائے۔ محکمہ اطلاعات کے تما م ضلعی دفاتر کیلئے زمین فراہم کی جائیگی۔ بیرون ملک سے آنے والے وفود کو محکمہ اطلاعات کے میڈیاہال میں بریفنگ دی جائے۔ویب ٹی وی چینل کے قیام کیلئے فنڈز فراہم کرینگے ۔

(جاری ہے)

سیاحت سے ہماری شناخت میں اضافہ ہوتا ہے ۔

ریاست کی خوشحالی کا راز سیاحت کے فروغ میں مضمر ہے ۔ پرائیویٹ سیکٹرکی شمولیت سے اس شعبہ کو ترقی دیکر ریاست سے بیروزگاری کا خاتمہ کیا جا سکتا ہے ۔ محکمہ سیاحت ،ٹورازم ڈویلپمنٹ کے دوران اس بات کا خیال رکھے کہ قدرتی حسن بحال رہے اور ماحول کونقصان نہ پہنچے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز محکمہ اطلاعات اور سیاحت کی آمدہ بجٹ کے حوالہ سے دی جانے والی بریفنگ کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔

وزیر اعظم کو محکمہ اطلاعات اور محکمہ سیاحت کی جانب سے الگ الگ بریفنگز دی گئیں۔ اس موقع پر وزیر اطلاعات وسیاحت راجہ مشتاق احمد منہاس ، سیکرٹری برائے وزیر اعظم راجہ امجد پرویز ،سیکرٹری اطلاعات و سیاحت محترمہ مدحت شہزاد ، سیکرٹری منصوبہ بندی و ترقیات محمد اسحاق خان ،ڈائریکٹر جنرل اطلاعات راجہ اظہر اقبال، ڈائریکٹر جنرل سیاحت ارشاد پیزادہ ، سینئر چیف منصوبہ بندی و ترقیات مہرین گیلانی اور دیگر آفیسران بھی موجود تھے ۔

وزیر اعظم نے کہاکہ وادی نیلم کے قدرتی حسن کو برقرار رکھنے کیلئے اقدامات کیے جائیں ۔ نیلم ڈویلپمنٹ بورڈ کے اشتراک سے محکمہ سیاحت نیلم کے سیاحتی مقامات تک رسائی کیلئے این او سی جاری کرے۔اس امر کو یقینی بنایا جائے کہ جو شخص جس مقصد کیلئے این او سی حاصل کرے وہ وہی کام کرے۔ انہوں نے کہاکہ ٹورسٹ ریسٹ ہائوسز کے ساتھ جملہ سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ مظفرآباد ریڈ فورٹ کے منصوبہ پر جلد کام شروع کیا جائے ۔ گجر کوہالہ کے قدیمی پل اور اس سے ملحقہ علاقے کو آرکیالوجیکل سائیٹ بنایا جائے ۔ نالہ ماہل باغ کی فزیبلٹی سٹڈی کروا کر یہاں ٹورازم سپاٹ بنائے جائیں۔