رشکئی اکنامک زون فیز ون میں ایک ہزار، فیز ٹو میں 2 ہزار ایکڑ اراضی حاصل کر لی گئی ہے، حکام سی پیک سیکریٹریٹ

بدھ 29 مئی 2019 11:30

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مئی2019ء) چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے تحت اولین ترجیح کے حامل 9 خصوصی اقتصادی زونز میں رشکئی زون کو انتہائی اہمیت حاصل ہے، رشکئی اکنامک زون کا سنگ بنیاد رکھا جاچکا ہے ، فیز ون میں ایک ہزار جبکہ فیز ٹو میں 2 ہزار ایکڑ اراضی حاصل کر لی گئی ہے۔ سی پیک سیکریٹریٹ حکام کے مطابق رشکئی اکنامک زون سے ملک میں روزگار کے نئے مواقعوں میں اضافہ ہوگا۔

خیبرپختونخوا کے ضلع نوشہرہ میں واقع رشکئی اقتصادی زون (ایم ون نوشہرہ) پر واقع ہے۔

(جاری ہے)

اقتصادی زون میں پھلوں اوراشیائے خوراک کی پیکجنگ، ٹیکسٹائل سٹچنگ و نیٹنگ اوردیگر متعلقہ صنعتوں کے قیام اوران کیلئے سہولیات پر توجہ دی جائے گی۔ اس صنعتی بستی سے ائیرپورٹ کا فاصلہ 65کلومیٹر، ڈرائی پورٹ 65 کلومیٹر، ریلوے سٹیشن 25کلومیٹر، سٹی سینٹر15 کلومیٹر، ہائی وے 5کلومیٹر اورموٹروے بالکل متصل ہے۔ علاقے میں صنعتی بستی کے قیام کی تجویز صوبائی حکومت کی طرف سے آئی تھی اور اس میں وفاقی حکومت کی طرف سے کوئی مداخلت نہیں کی گئی ہے ا سی پیک کے دوسرے مرحلے کے تحت پاکستان میں چین کے تعاون سے صنعتی انقلاب برپا ہوگا۔