وزیر صحت پنجاب کاصوبہ بھر میں ڈائمینشیاکے مریضوں کی مناسب دیکھ بھال کیلئے خصوصی کمیٹی بنانے کا حکم

پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ میں ڈائمینشیا کے مریضوں کی دیکھ بھال کیلئے سٹیٹ آف دی آرٹ سینٹر قائم کیا جائیگا 'یاسمین راشد

بدھ 29 مئی 2019 16:30

وزیر صحت پنجاب کاصوبہ بھر میں ڈائمینشیاکے مریضوں کی مناسب دیکھ بھال ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مئی2019ء) وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشدنے پنجاب بھر میں ڈائمینشیاکے مریضوں کی مناسب دیکھ بھال کیلئے خصوصی کمیٹی بنانے کا حکم دے دیا۔وزیر صحت پنجاب نے یہ حکم محکمہ سپیشلائیزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن کے دفترمیں ڈائمینشیا کے مریضوں کی دیکھ بھال کے حوالہ سے اعلیٰ سطحی اجلاس کی زیرصدارت کرتے ہوئے دیا۔

اجلاس میں ڈاکٹر حسین جعفری، ڈاکٹر علی ہاشم، ڈاکٹر عائشہ راشد، ڈاکٹر فہیم سعید، ڈاکٹر سید شہزاد حسین، ڈاکٹر الطاف ، ڈاکٹر سمیرا قمبر، ریحان مجیب، میاں زاہد اور پروفیسر جاوید چوہدری نے شرکت کی۔صوبائی وزیرصحت ڈاکٹر یاسمین راشدنے کہاکہ پنجاب کے تمام سرکاری ہسپتالوں میں ڈائمینشیا کے مریضوں کی باقاعدہ رجسٹریشن کی جائے گی۔

(جاری ہے)

پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ میں ڈائمینشیا کے مریضوں کی دیکھ بھال کیلئے سٹیٹ آف دی آرٹ سینٹر قائم کیا جائے گا۔

پنجاب بھر کے سرکاری ہسپتالوں میں نیورولوجسٹس اور ماہرنفسیات کی خالی آسامیوں پربھی جلد بھرتی کر لی جائے گی۔پنجاب بھر میں ڈائمینشیا کے مریضوں کی دیکھ بھال کیلئے میموری کلینکس کا قیام بھی عمل میں لایاجائے گا۔خصوصی کمیٹی ہر مہینے ڈائمینشیا کے مریضوں کی رجسٹریشن اور فراہم کی جانے والی طبی سہولیات بارے رپورٹ پیش کرنے کی پابند ہوگی۔صوبائی وزیر صحت نے مزیدکہاکہ ڈے کئیر سنٹرز سے بھی ڈائمینشیا کے مریضوں کی دیکھ بھال کے حوالہ سے استفادہ کیا جائے گا۔ عوام میں ڈائمینشیا یا نسیان کے مریضوں کی دیکھ بھال بارے خصوصی مہم چلانے کی اشد ضرورت ہے۔ میڈیکل ٹیچنگ ہسپتال ڈائمینشیا کی آگاہی کے حوالہ سے اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔