ایتھوپیا نے افریقا کے نقشے سے ہمسایہ ملک صومالیہ کو اڑا دیا، پھر معافی مانگ لی

جونہی اس نقشے میں غلطی کا پتا چلا تو اس کو ویب سائٹ سے ہٹا دیا گیا تھا،ترجمان وزارت خارجہ

بدھ 29 مئی 2019 19:10

ادیس ابابا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مئی2019ء) ایتھوپیا نے براعظم افریقا کے نقشے سے پڑوسی ملک صومالیہ کو حذف کردیا مگر پھر اس کی وزارت خارجہ نے اس سنگین غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے معافی مانگ لی ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق وزارت ِ خارجہ کے ترجمان نبیات گیچیو نے ایک بیان میں کہا کہ اس سہو کی تحقیقات شروع کردی گئی ہے اور اس بات کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے کہ وزارت کی ویب سائٹ پر اختتام ہفتہ پر کیسے یہ نقشہ پوسٹ کر دیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ جونہی اس نقشے میں غلطی کا پتا چلا تو اس کو ویب سائٹ سے ہٹا دیا گیا تھا۔ہم اس واقعے کے نتیجے میں پیدا ہونے والی کسی بھی غلط فہمی اور کنفیوژن پر صدقِ دل سے معذرت خواہ ہیں۔اس غلط نقشے میں صومالیہ کو ایتھوپیا کا حصہ دکھایا گیا تھا لیکن اس سے الگ ہونے والی ریاست صومالی لینڈ اس نقشے میں ایک ملک کے طور پر شامل تھی۔اس نقشے پر سوشل میڈیا پر سخت ردعمل کا اظہار کیا گیا ہے۔صومالیہ اور ایتھوپیا کے درمیان دو طرفہ تعلقات میں تاریخی طور پر سرد مہری پائی جاتی رہی ہے لیکن حالیہ مہینوں میں ایتھوپیا میں اصلاح پسند وزیراعظم کے اپریل 2018ء میں برسراقتدار آنے کے بعد سے دونوں ملکوں کے تعلقات میں بہتری آئی ہے۔