وہاب ریاض کی رفتار اچھی ، باﺅلنگ کا معیار ون ڈے کے مطابق نہیں:سکندر بخت

پیسر کی نوبال کروانے کی عادت برقرار ہے:سابق ٹیسٹ کرکٹر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 29 مئی 2019 23:57

وہاب ریاض کی رفتار اچھی ، باﺅلنگ کا معیار ون ڈے کے مطابق نہیں:سکندر ..
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔29مئی 2019ء) سابق ٹیسٹ کرکٹر سکندر بخت نے وہاب ریاض کی ٹیم میں شمولیت پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ یوٹرن لینا لیڈر ہونے کی نشانی ہے تو کرکٹ بورڈ نے بھی یوٹرن لے لیا ہے۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے سکندر بخت نے کہا کہ اب تو حکومت بھی کہہ چکی ہے کہ جو یوٹرن نہیں لیتا وہ بے وقوف ہوتا ہے لیکن سمارٹ آدمی یوٹرن ضرور لیتا ہے،لہٰذا سلیکٹرز بھی اپنے فیصلوں پر یوٹرن لے لیں تو اس میں پریشانی کیا ہے، یہ تو آج کل ٹرینڈ ہے، وہاب ریاض کافی عرصہ ٹیم سے دور رہے لیکن اب اگر سلیکٹرز کو عقل آ گئی ہے اور وہ اپنی غلطی سدھارنا چاہتے ہیں تو سدھارنے دیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کچھ روز قبل وہاب ریاض معین خان کرکٹ اکیڈمی میں ٹورنامنٹ کا فائنل کھیل رہے تھے اور سوئی گیس کی جانب سے نمائندگی کرتے ہوئے انہوں نے جس طرح کی باﺅلنگ کی، میں شرمندہ ہو رہا تھا۔

(جاری ہے)

وہاب ریاض نے ہر اوور میں دو سے تین باﺅنسرز کرائے اور آخری اوور میں بھی ایسا ہی کچھ کیا اور چھکے کھائے، وہاب ریاض کی باﺅلنگ رفتار بھلے ہی کافی اچھی ہے مگر ان کی باﺅلنگ کا معیار ون ڈے کے مطابق نہیں، معلوم نہیں سلیکٹرز اتنا بڑا فیصلہ کیسے کر رہے ہیں۔

یاد رہے کہ وہاب ریاض کی ٹیم میں واپسی سے متعلق انضمام الحق کاکہنا تھا کہ وہاب ریاض سینئر اور تجربہ کار باﺅلر ہیں، انہیں فہیم اشرف کی جگہ شامل کیا گیا ہے، وہاب ریاض کا انگلینڈ میں گیند کرنے کا بہت تجربہ ہے۔