Live Updates

تحریک آزادکشمیر کے نامور رہنماء سابق سفیر یوسف بچ کی نماز جنازہ یونیورسٹی کالج گرائونڈ مظفرآباد میں ادا کر دی گئی

حریت رہنما غلام محمد صفی نے یوسف بچ کی نماز جنازہ پڑھائی جبکہ مرحوم کی خدمات کے اعتراف میں پولیس کے چاک و چوبند دستے نے سلامی بھی دی

جمعرات 30 مئی 2019 14:38

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 مئی2019ء) تحریک آزادکشمیر کے نامور رہنماء سابق سفیر یوسف بچ کی نماز جنازہ30 مئی بدھ کے روز یونیورسٹی کالج گرائونڈ مظفرآباد میں ادا کر دی گئی ۔حریت رہنما غلام محمد صفی نے یوسف بچ کی نماز جنازہ پڑھائی جبکہ مرحوم کی خدمات کے اعتراف میں پولیس کے چاک و چوبند دستے نے سلامی بھی دی۔ نماز جنازہ میں وزیر اعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدرخان ،چیئرمین کشمیر کمیٹی سید فخر امام، سینیٹر مشاہد حسین سید، قائمقام صدر آزادجموں وکشمیر شاہ غلام قادر،سینئر وزیر چوہدری طارق فاروق، صدر پاکستان پیپلز پارٹی چوہدری لطیف اکبر، سینئر نائب صدر پاکستان تحریک انصاف خواجہ فاروق احمد، آل پارٹیز حریت کانفرنس کے رہنما غلام محمد صفی،چیئرمین وزیر اعظم معائنہ و عملدرآمد کمیشن زاہد امین کاشف، غلام نبی فائی ، سید یوسف نسیم ، امریکہ سے ان کی میت کے ہمراہ آنے والے سردار محمد سوار ، انجینئر اختر حسین ، ڈاکٹر منہاج الیعقوب،ایڈمنسٹریٹر بلدیہ خواجہ اعظم رسول، شوکت بچ، جماعت اسلامی کے رہنما شیخ عقیل الرحمان،پیپلز پارٹی کے رہنماشوکت جاوید میر سیکرٹری صاحبان حکومت، سربراہان محکمہ جات ، سول سوسائٹی ، وکلاء اور میڈیا نمائندگان سمیت ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر یوسف بچ کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے تعزیتی ریفرنس کا انعقاد کیا گیا تھا۔ تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدرخان نے کہا کہ یوسف بچ ایک عظیم مفکر ، دانشور اور تحریک آزادی کشمیر کے عظیم رہنماء تھے ۔ یوسف بچ کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔مرحوم نے ساری زندگی تحریک آزادی کشمیر کے لیے جدوجہد کی۔

انہوں نے کہا کہ قدرت اللہ شہاب نے مرحوم کی زندگی اور کشمیر کاز کے لئے ان کی خدمات پر شہاب نامے میں ایک باب تحریر کیا ہے۔انہوں نے کہا نئی نسل کو اپنے ان بطل حریت کا پتہ ہونا چاہیے جنہوں نے اپنی پوری زندگیاں کشمیر کاز کیلئے وقف کر دیں۔یوسف بچ کا فلسفہ اور سو چ ہمارے لیے مشعل راہ ہے ۔ ان کے مشن کی تکمیل کیلئے اپنا کردار ادا کریںگے۔ انہوںنے اپنی ساری زندگی تحریک آزادی کشمیر کو اجاگر کیا اور اپنی صلاحیتوں کوکشمیر یوں اور پاکستان کیلئے وقف کیا۔

وزیرا عظم نے کہاکہ وہ خطہ برصغیر کے عظیم سکالر تھے ۔ کشمیر کو یوسف بچ جیسے کرداروںپر فخر ہے ۔ ان کا خلا پر نہیں کیا جا سکتا۔ وزیر اعظم نے کہاکہ یوسف بچ نے اقوام متحدہ میںبھی خدمات سرانجام دیں ۔ یوسف بچ کے خاندان کی بھی تحریک آزادی کشمیر کیلئے خدمات ہیں ۔ چیئرمین کشمیر کمیٹی سید فخر امام نے تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ یوسف بچ ایک عظیم دانشور ، محقق اور عہد ساز شخصیت تھے۔

یوسف بچ بین الاقوامی سطح پر اپنا ایک مقام رکھتے تھے ۔ وہ خود انسا ئیکلو پیڈیا تھے ۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ میں انہوں نے اٹھارہ سال خدمات سرانجام دیں اور کشمیر کاز کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کیلئے بھرپور کردار ادا کیا۔ سینیٹر مشاہد حسین نے تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ یوسف بچ تحریک آزادی کشمیر کے عظیم رہنما تھے ۔

وہ ایک با صلاحیت ، اہل علم اور ایک دانشور تھے جو عالمی سیاست سے بخوبی واقف تھے ۔ا نہوں نے کہاکہ پاکستان اور تحریک آزادی کشمیر کیلئے ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ یوسف بچ قومی لیڈر تھے ۔ مشاہد حسین سید نے کہاکہ آزادجموں وکشمیر یونیورسٹی میں یوسف بچ کے نام سے چیئر منسوب کی جائے اور ان کے نام پر انٹرنیشنل سکالر شپ بھی دی جائے تاکہ ان کی خدمات کو یاد رکھا جائے ۔

پاکستان پیپلز پارٹی آزادکشمیر کے صدر چوہدری لطیف اکبر نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ یوسف بچ ساری زندگی تحریک آزادی کشمیر سے وابستہ رہے اور پاکستان کیلئے بھی خدمات سرانجام دیتے رہے ۔ یوسف بچ ایک زیر ک اور درد دل رکھنے والے انسان تھے ۔ ان کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے سینئر نائب صدر خواجہ فاروق احمد،چیئرمین وزیر اعظم معائنہ و عملدرآمد کمیشن زاہد امین کاشف،آل پارٹیز حریت کانفرنس کے رہنما غلام محمد صفی، حریت رہنماء سید یوسف نسیم ، غلام نبی فائی ودیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ یوسف بچ کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ۔

تحریک آزادی کشمیر اور تحریک تکمیل پاکستان کی منزل تک کشمیر اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے ۔ اس سے پہلے جب یوسف بچ کی میت اسلام آباد ائرپورٹ پہنچی تو وزیراعظم معائنہ کمیشن کے چئیرمین زاہد امین کاشف نے اعلی حکام کیساتھ ان کی میت کو وصول کیا جسے پورے سرکاری اعزاز کیساتھ مظفرآباد پہنچایا گیا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات