کشمیری حریت پسندوں کی جدوجہد آزادی کا ڈیجیٹل میڈیا پر پرچار کرنے کیلئے کشمیر انتفادہ ویب سائٹ اور گیم کا اجراء کر دیا گیا

جمعرات 30 مئی 2019 16:39

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مئی2019ء) کشمیری حریت پسند رہنماء برہان وانی شہید اور دختران ملت کی رہنما آسیہ اندرابی کو خراج تحسین پیش کرنے اور کشمیری حریت پسندوں کی جدوجہد آزادی کا ڈیجیٹل میڈیا پر پرچار کرنے کیلئے کشمیر انتفادہ ویب سائٹ اور گیم لانچ کردی گئی ہے۔ کشمیر انتفادہ کے نام سے گیم اور ویب سائٹ ’’دا ڈیجیٹل انٹیلی جنس‘‘ نامی کمپنی کے بینر تلے لانچ کی گئی ہے جس کے روح رواں ڈاکٹر عمیر ہارون ہیں۔

کشمیر انتفاد ہ پلیٹ فارم اور گیم کا مقصد مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے مظالم، آزادی کی جدوجہد کرنے والی تنظیموں کی کاوشوں، بھارت میں بڑھتی ہوئی ریاستی دہشت گردی، اجیت دول کا کشمیر میں داعش کا وجود ثابت کرنے کی مکارانہ سازش کو بے نقاب کرنا، کشمیری عوام پر ڈھائے جانے والے تشدد کے مختلف طریقوں کو دنیا کے سامنے لانا اور کشمیری جدوجہد آزادی میں عورتوں کا مردوں کے شانہ بشانہ کردار کو اجاگرکرنا ہے۔

(جاری ہے)

گیم مختلف موبائل کے علاوہ ڈیسک ٹاپ پر بھی کھیلی جاسکتی ہے۔ ویب سائٹ کے بلوگرز اور ولوگرز سیکشن پر ملک کے مختلف فنکار، صحافی، سیاستدان اور دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد شامل ہیں جو مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے ظلم و ستم پر اپنے بلاگ اور ولاگ کے ذریعے ڈیجیٹل میڈیا پر اس کا پرچار کریں گے۔ کشمیری نوجوانوں کو متحرک کرنے اور ڈیجیٹل محاذ پر اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کیلئے ایک ڈیجیٹل کمیونٹی کو تخلیق کیا گیا ہے۔

ان بلاگرز اور ولوگرز میں معروف اداکار فیصل قریشی، لیجینڈری سنگر و کمپوزر فاخر، معروف ٹی وی اینکر جاسمین منظور، سنگرو ایکٹریس رابی پیر زادہ، مشہور و معروف ٹی وی اینکر پرسن عامر لیاقت کی اہلیہ اور نامور لکھاری طوبہ عامر، اینکر مصطفی چوہدری، سینیٹر انوار کاکر، ڈپٹی سپیکر کے پی کے اسمبلی محمود جان، ایم این اے رومینہ خورشید ، سابقہ سینٹر سحر کامران ،ارم عظیم فاورقی، مہرین ملک آدم، فیشن ڈیزائنر سیم دادا اور لندن میں مقیم دانشور عینی بخاری، آر جے فائزہ قریشی اور دیگر نامور شخصیات شامل ہیں۔

کشمیر انتفادہ پلیٹ فارم مقبوضہ کشمیر کے نوجوانوں اور دنیا بھر کے مختلف ممالک میں مقیم کشمیریوں میں بہت زیادہ مقبولیت اختیار کر چکا ہے جس کے اجراء پر کشمیری حریت پسند رہنمائوں نے اس پروگرام کے بانی ڈاکٹر عمیر ہارون کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈیجیٹل میڈیا کے دور میںاس انقلابی سلسلے سے مقبوضہ کشمیرمیں جاری بھارتی فوج کی وحشیانہ بربریت بے نقاب ہوگی اور بھارتی تسلط سے آزادی کے طالب کشمیری عوام پر ڈھائے جانیوالے انسانیت سوز مظالم سے انسانی حقوق کی علمبردار عالمی تنظیموں سمیت دنیا بھر کے زندہ ضمیر لوگوں کو بروقت آگاہ کیا جا سکے گا۔