Live Updates

قومی اسمبلی ، سینیٹ کی پارلیمانی پارٹی کا کل مشترکہ اجلاس بلا کر عدلیہ پر حکومتی حملے کی جوابی عملی عملی تیار کی جائے‘ نواز شریف

دیگر اپویشن جماعتوں کیساتھ بھی رابطے کئے جائیں ،عدلیہ پر حکومتی حملے ناکام بنانے میں کسی کمزوری کا مظاہرہ نہ کیا جائے‘ رہنمائوں سے گفتگو

جمعرات 30 مئی 2019 16:39

قومی اسمبلی ، سینیٹ کی پارلیمانی پارٹی کا کل مشترکہ اجلاس بلا کر عدلیہ ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 مئی2019ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف نے مرکزی رہنمائوں کو ہدایت کی ہے کہ کل ( جمعہ) کو قومی اسمبلی اور سینیٹ کی پارلیمانی پارٹی مشترکہ اجلاس میں عدلیہ پر حکومتی حملے کی جوابی حکمت عملی تیا رکرے اوردیگر اپویشن جماعتوں کیساتھ بھی رابطے کئے جائیں ،عدلیہ پر حکومتی حملے ناکام بنانے میں کسی کمزوری کا مظاہرہ نہ کیا جائے، تحریک انصاف نے کئی ماہ تک دارالحکومت کو مفلوج کئے رکھا مگر آج ان سے کارکنوں کا رہنمائوں سے اظہار یکجہتی کیلئے آنا بھی برداشت نہیں ہو رہا ، عوام میری صحت کی فکر نہ کریں ،آئین و قانو ن کی بالا دستی کی جنگ بڑی کاز ہے اور اس کیلئے جتنی سزائیں ہوں کاٹنے کے لئے تیار ہوں۔

ان خیالات کا اظہارا نہوں نے ملاقات کے لئے آنے والے پارٹی رہنمائوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف سے کوٹ لکھپت جیل میں ان کی والدہ بیگم شمیم اختر، صاحبزادی مریم نواز، داماد کیپٹن (ر) محمد صفدر سمیت دیگر عزیز و اقارب نے ملاقات کرکے ان کی صحت بارے دریافت کیا ۔نواز شریف سے پارٹی رہنمائوں راجہ ظفر الحق ،رانا ثنا اللہ، پرویز رشید ، خواجہ محمد آصف، مریم اورنگزیب، انجینئر خرم دستگیر، رفیق رجوانہ، عطاء اللہ تارڑ، رانا مشہود سمیت دیگر نے ملاقات کی ۔

اس موقع پر ملک کی مجموعی صورتحال خصوصاً حکومت کی جانب سے معزز عدلیہ کے ججز کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی گئی ۔ذرائع کے مطابق نواز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) عدلیہ کا احترام کرتی ہے ،عدلیہ بحالی تحریک میں مسلم لیگ (ن) نے پہلے بھی اہم کردار ادا کیا تھا ۔پارٹی عدلیہ کے معزز جج صاحبان پر حکومتی تہمتوں کے پلندے کو بے نقاب کرے اور بھرپور مزاحمت کرے،میں ہر طرح کی قربانی دینے کو تیار ہوں، اپنی پرواہ نہیں، یہ ملک وقوم کو بچانے کا وقت ہے۔

انہوں نے کہا کہ میرے ساتھ جو ہونا تھا ہوگیا، جو ہوگا اللہ مالک ہے، آپ آئینی ادارے کو بچانے کے لئے بھرپور صلاحیتیں استعمال کریں،ووٹ کو عزت دو کے لئے ہر قربانی دینے کو تیار ہوں۔ انہوں نے کہا کہ یہ پیغام ہے کہ عوام میری صحت کی فکر مت کریں، میرا مقصد بہت بڑا ہے۔نوازشریف نے مریم اورنگزیب کو شعر کی صورت میں پیغام لکھ کر دیا ،یہ حادثات نہ سمجھیں ابھی کہ پست ہوں میں ۔

۔۔۔شکستہ ہوکے بھی ناقابل شکست ہوں میں ۔ ذرائع کے مطابق نواز شریف نے کہا کہ عوام دیکھ لیں یہ ہے نیا پاکستان۔ ذرائع کے مطابق پارٹی رہنمائوں نے نواز شریف کو اسلام آباد میں پیپلز پارٹی کے کارکنوں پر تشد دکے حوالے سے بھی آگاہ کیا جس پر نواز شریف نے اس کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کسی جمہوری حکومت میں نہتے، پرامن سیاسی کارکنوں پر بہیمانہ تشدد کی امید نہیں کی جا سکتی۔تحریک انصاف والوں نے کئی ماہ اسلام آباد کو مفلوج کئے رکھا مگر آج ان سے کارکنوں کا اپنی قیادت سے اظہار یکجہتی کے لئے آنا برداشت نہیں ہو سکا۔ ذرائع کے مطابق نواز شریف نے ابتر معاشی صورتحال اور مہنگائی پر بھی اپنی تشویش ظاہر کی ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات