سیدعلی گیلانی کی طرف سے جمعتہ الوداع کو یوم القدس اوریوم کشمیر کے طورپر منانے کی اپیل

مسرت عالم بٹ پر 38ویں مرتبہ کالے قانون پی ایس اے کے نفاذکی مذمت

جمعرات 30 مئی 2019 17:37

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مئی2019ء) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے کشمیری عوام سے (آج) جمعتہ الوداع کو ’’یوم القدس‘‘ اور ’’یومِ کشمیر‘‘ کے طورپر منانے کی اپیل کرتے ہوئے کہاہے کہ امت مسلمہ کے پاس صہیونی اور سامراجی طاقتوں کے مکروہ عزائم کو خاک میں ملانے کیلئے اپنی صفوں میں اتحاد کو فروغ دینے اور منظم ہونے کے سوا اور کوئی راستہ نہیں ہے ۔

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سیدعلی گیلانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں فلسطین کی سرزمین پر اسرائیل اور جموںو کشمیر کی سرزمین پر بھارت کے غیر قانونی ،جبری اور ناجائز قبضے کو ایک ہی سلسلے کی دو کڑیاں قراردیا۔ انہوںنے کہاکہ فلسطین اور کشمیر کے دیرینہ تنازعات کا حل وہاں کے عوام کی خواہشات کے عین مطابق تلاش کرنا امت مسلمہ کی اولین ذمہ داری ہے ۔

(جاری ہے)

سیدعلی گیلانی نے کہاکہ دونوں متنازعہ خطوں کے معصوم عوام عرصہٴ دراز سے قابض حکومتوں کی طرف سے ظلم وتشدد اور قتل وغارت کانشانہ بن رہے ہیں اور ان پر ڈھانے جانے والے انسانیت سوز مظالم پر جمہوریت اور انسانی حقوق کے علمبردار ممالک خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں ۔ انہوں نے اُمت مسلمہ کو بالخصوص سے بالعموم اپیل کی کہ وہ جمعتہ الوداع کے مبارک موقع پر فلسطین اور کشمیر کے مظلوم عوام کے حق میں اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں خصوصی دُعا ئیںکریں۔

انہوںنے کشمیری عوام سے نماز جمعہ کے بعد شوپیان، پلوامہ، کولگام اور ککرناگ میں عام لوگوں پر بھارتی فورسز کی طرف سے طاقت کے وحشیانہ استعمال اور قتل وغارت کے خلاف پُرامن اور منظم احتجاج کرکے انسانی حقوق کے عالمی اداروں تک اپنی آواز پہنچانے کی بھی اپیل کی ۔سید علی گیلانی نے بدرہامہ شوپیان میں بھارتی فوجیوںکے ہاتھوں شہید ہونیوالے سجاد احمد پرے کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فورسز کے ہاتھوں نہتے کشمیریوںکے قتل کے واقعات روز کا معمول بن چکا ہے ۔

حریت چیئرمین نے غیر قانونی طورپر نظربند سینئر حریت رہنما اور مسلم لیگ جموںو کشمیر کے امیر مسرت عالم بٹ پر قابض انتظامیہ کی طرف سے 38واں کالا قانون پبلک سیفٹی ایکٹ لاگو کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے آئین اور قانون کی خلاف ورزی اور انسانی حقوق کی بدترین پامالی قرار دیا۔ انہوںنے مسرت عالم بٹ کے صبروثبات اور عزم صمیم کو خراج تحسین پیش کیا۔