Live Updates

وزیراعظم عمران خان 3روزہ دورے پرسعودی عرب پہنچ گئے

وزیراعظم روزہ رسول ﷺ پر حاضری دیں گے، وزیراعظم مسجد نبوی ﷺ میں نوافل ادا کرنے کے بعد جدہ روانہ ہوجائیں گے،وزیراعظم کل 14ویں اسلامی سربراہی کانفرنس میں شرکت کریں گے

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 30 مئی 2019 17:47

وزیراعظم عمران خان 3روزہ دورے پرسعودی عرب پہنچ گئے
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔30 مئی 2019ء) وزیراعظم عمران خان 3روزہ دورے پرسعودی عرب پہنچ گئے،وزیراعظم روزہ رسول ﷺ پر حاضری دیں گے، وزیراعظم مسجد نبوی ﷺ میں نوافل ادا کرنے کے بعد جدہ روانہ ہوجائیں گے،وزیراعظم کل 14ویں اسلامی سربراہی کانفرنس میں شرکت کریں گے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم عمران خان سعودی عرب کے 3روزہ دورے پر مدینہ منورہ پہنچ گئے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان سعودی عرب میں 14ویں اسلامی سربراہی کانفرنس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔سلامی سربراہی کانفرنس کا اجلاس کل خادم الحرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز السعود کی سربراہی میں ہوگا۔ وزیراعظم آج مدینہ منورہ پہنچنے پر روزہ رسول ﷺ پر حاضری دیں گے۔ وزیراعظم مسجد نبوی ﷺ میں نوافل ادا کرنے کے بعد جدہ روانہ ہوجائیں گے۔

(جاری ہے)

سینئر تجزیہ کار اور صحافی حامد میر کا کہنا ہے کہ اوآئی سی ممالک کے سربراہان مسلمانوں کے مقدس مقام پر اکٹھے ہورہے ہیں، اجلاس میں بڑی حکمت علی طے کی جائے گی۔ اس حوالے کچھ قرارداد بھی تیار کی گئی ہیں۔ان قراردادوں کا تعلق مسلم ممالک کے مسائل سے جڑا ہوا ہے۔وزیراعظم عمران خان اجلاس کے موقع پر اسلامی سربراہان مملکت سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔

بتایا گیا ہے کہ 27رمضان المبارک کو بہت سے اہم ممالک کے سربراہان اکٹھے عمرہ کی سعادت بھی حاصل کریں گے۔دوسری جانب وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ وزراء خارجہ کونسل کے اجلاس کے بعد سربراہ سطح کا اجلاس (آج) ہو گا۔ وزیراعظم عمران خان اجلاس میں شرکت اور اس موقع پر مختلف ملکوں کے رہنماؤں سے ملاقاتیں ہوں گی۔ سربراہ اجلاس کا ایجنڈا طے کر لیا ہے اور اوآئی سی وزراء خارجہ نے اس کی منظوری دیدی ہے۔

جمعرات کو جدہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ جمعرات کو دو بہت اہم نشستیں ہوئی ہیں، ملائیشیاء کے وزیر خارجہ کے ساتھ ملاقات بہت مفید رہی۔ ملائیشیاء کے وزیر خارجہ سے ملاقات میں چار شعبہ جات اور فوکل پرسنز کی نشاندہی کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم ملائیشیاء ڈاکٹر مہاتیر محمد کے دورے کے بعد دونوں ممالک کے تعلقات بڑھانے میں یہ اہم ثابت ہوں گے۔

ملائیشیا، ترکی اور پاکستان کے وزراء خارجہ اور وزارت خارجہ کے افسران کا الگ اجلاس ہوا۔ اس نشست میں او آئی سی میں اصلاحات، اسلام فوبیا سمیت دیگر اہم موضوعات پر اہم تبادلہ خیال ہوا۔ اجلاس میں تینوں ممالک نے او آئی سی اور اقوام متحدہ کے فورم پر مل کر کیسے کام کرنا ہے اس پر غور کیا گیا۔ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں وطن واپس لوٹ رہا ہوں، وزیراعظم ان باتوں کو آگے لے کر چلیں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات