پاکستان سول ایوی ایشن نے برطانوی ائیرلائن کا پاکستان کے لیے پروازوں کا شیڈیول جاری کر دیا

برٹش ائرویز 11سال بعد پاکستان آرہی ہے، 3جون کو پہلی پرواز اسلام آباد ائیرپورٹ پر لینڈ کرے گی، واٹر سلیوٹ پیش کیا جائے گا،پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی

جمعرات 30 مئی 2019 22:16

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 مئی2019ء) پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے برطانوی ائیرلائن کا پاکستان کے لیے پروازوں کا شیڈیول جاری کر دیا ہے۔ برٹش ائیرویز کی پہلی پرواز 3جون کو اسلام آباد ائیرپورٹ پر لینڈ کرے گی۔ سول ایوی ایشن حکام نے برطانوی پرواز کو واٹر سلیوٹ دینے کا اعلان کیا ہے۔ واضح رہے کہ برٹش ائیرویز 11سال بعد پاکستان واپس آ رہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق برٹش ائیرویز اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ اور لندن کے ہیتھرو ائیرپورٹ کے درمیان ہفتے میں 3پروازیں چلائے گی۔ برٹش ائیرویز کی پہلی پرواز 3جون کو اسلام آباد ائیرپورٹ پر لینڈ کرے گی، پہلی پرواز کے طور پر برٹش ائیرویز کی جانب سے بوئنگ 787طیارہ3جون کو اسلام آباد انٹر نیشل ائیرپورٹ پر لینڈ کرے گا جسے سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے واٹر سلیوٹ دیا جائے گا، خیال رہے کہ واٹر سلیوٹ ایک کسی جہاز کو دی جانے والی سلامی کو کہا جاتا ہے، جب کوئی جہاز ائیرپورٹ پر لینڈ کرے تو کے سامنے رن وے کے دونوں جانب سے واٹر کیننز کے ذریعے پانی پھینکا جاتا ہے اور دونوں جانب سے یہ پانی نصف دائرے کی صورت کا منظر پیش کرتا ہے، اس عمل کو واٹر سلیوٹ دیا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

عام طور پر کسی اہم شخصیت کی آمد پر اس کے طیارے کو واٹر سلیوٹ دیا جاتا ہے تاہم پاکستان سول ایوی ایشن حکام نے برطانوی ائیرلائن کی پہلی پرواز کو سلیوٹ پیش کرنے کا احتمام کیا ہے۔ اس پہلی پرواز کے ذریعے پاکستانی تارکینِ وطن عید گزارنے اپنے ملک آئیں گے جنہیں ائیرپورٹ پر خوش آمدید کہا جائے گا۔ یاد رہے کہ 2008 میں اسلام آباد کے میریٹ ہوٹل میں خودکش دھماکوں کے بعد برٹش ائیرویز نے پکاستان کے لیے اپنی سروس بند کر دی تھی جسے اب دوبارہ کھول دیا گیا ہے۔