کیس مینجمنٹ سسٹم منصوبہ میں خورد برد ‘عدالت نے سماعت 12 جون تک ملتوی کردی

جمعہ 31 مئی 2019 15:17

کیس مینجمنٹ سسٹم منصوبہ میں خورد برد ‘عدالت نے سماعت 12 جون تک ملتوی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 مئی2019ء) لاہورہائیکورٹ نے عدالت عالیہ میں کیس مینجمنٹ سسٹم کے منصوبہ میں مبینہ خورد برد کے خلاف درخواست پر پنجاب حکومت اور رجسٹرار آفس ہائیکورٹ کو جواب داخل کیلئے ایک اور موقع دیتے ہوئے حکم دیا کہ آئندہ سماعت پر ہر صورت جواب داخل کرایا جائے‘ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد وحید نے جوڈیشل ایکٹیوزم پینل کے سربراہ اظہر صدیق کی درخواست پر سماعت کی۔

فاضل جج نے پنجاب حکومت اور رجسٹرار افس کی جانب سے جمعہ کوبھی جواب داخل نہ کرنے پر شدید ناراضگی کا اظہار کیا۔ عدالت نے وکیل کی نشاندہی پر ہدایت کی کہ درخواست گزار کو مطلوبہ دستاویزات فراہم کی جائیں‘ عدالت نے یہ بھی باور کرایا کہ جو دستاویزات درخواست گزار کو نہیں دی جا سکتی اس کی وجوہات سے آگاہ کیا جائے۔

(جاری ہے)

درخواست گزار اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ کیس مینجمنٹ کے حوالے سے مختلف رپورٹس شائع ہوچکی ہیں لیکن انہیں ریکارڈ کا حصہ نہیں بنایا گیا‘درخواست گزار وکیل نے دعویٰ کیا کہ لاہور ہائیکورٹ کے سافٹ وئیر میں بڑے پیمانے پر بے ضابطگیاں ہوئیں، پنجاب آئی ٹی بورڈ کے سابق سربراہ عمر سیف نے ناقص منصوبہ لگایا اس لئے ان کیخلاف کارروائی کی جائے‘ عدالت نے درخواست پر مزید کارروائی 12 جون تک ملتوی کردی۔