وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے آمدہ بجٹ کی تیاری کیلئے ممبران اسمبلی سے مشاورت کا آغاز کردیا

مہاجرین ممبران اسمبلی ، آزاد کشمیر تینوں ڈویژنز کے منتخب ممبران اسمبلی اور مخصوص نشستوں پر ممبر اسمبلی بننے والوں سے مشاورت کی چیف سیکرٹری ترقیات ڈاکٹر سید آصف شاہ نے آئندہ بجٹ کی تیاری اور ترجیحات پر جملہ ممبران اسمبلی کو تفصیلی بریفنگ دی

جمعہ 31 مئی 2019 19:02

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 مئی2019ء) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں راجہ محمد فاروق حیدر خان نے آمدہ بجٹ کی تیاری کے لئے ممبران اسمبلی سے مشاورت کا آغاز کردیا ہے ۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے گزشتہ روز مہاجرین ممبران اسمبلی ، آزاد کشمیر تینوں ڈویژنز کے منتخب ممبران اسمبلی اور مخصوص نشستوں پر ممبر اسمبلی بننے والوں سے مشاورت کی ۔

اس موقع پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات ڈاکٹر سید آصف شاہ نے آئندہ بجٹ کی تیاری اور ترجیحات پر جملہ ممبران اسمبلی کو تفصیلی بریفنگ دی جبکہ سینئر وزیر ، وزراء کرام ، اراکین اسمبلی نے بجٹ کی تیاری سے متعلق الگ الگ سیشنز کے دوران اپنی اپنی تجاویز پیش کیں ۔ آزاد کشمیر میں طویل عرصہ کے بعد بجٹ کی تیاری میں وسیع پیمانے پر مشاورت شروع کی گئی ہے اور ہر حلقے کو مشاورتی عمل کاحصہ بنایا جارہا ہے ۔

(جاری ہے)

ممبران اسمبلی کے الگ الگ سیشنز سے خطاب کے دوران وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ آمدہ بجٹ پر تمام مکاتب فکر سے تفصیلی مشاورت کی جائے گی ۔ حکومت آزاد کشمیر آمدہ بجٹ میں 5سالہ منصوبہ بندی کا آغاز کررہی ہے ۔ بجٹ میں 5سال کی ترجیحات کا تعین ہوگا جس سے آزاد خطہ کے اندر پائیدار ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر ہوگا۔

آمدہ بجٹ آزاد کشمیر کی تاریخ کا سب سے بڑا بجٹ ہوگا۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ حکومت آزاد کشمیر جامع منصوبہ بندی کے تحت بجٹ کے تصرف کو یقینی بنانے کے لئے کوشاں ہے ۔ گزشتہ تین سال موجودہ حکومت کے ترقیاتی بجٹ کے بھرپور سال تھے جن میں عوامی ضروریات کو مدنظر رکھ رکھتے ترقیاتی فنڈز خرچ کیے گئے جوکہ ماضی میں سیاسی ترجیحات ہوتی تھیں۔

انہوں نے کہاکہ گزشتہ تین سالوں میں ہونے والی ترقی آزادکشمیر میں نمایاں طور پر دیکھی جا سکتی ہے جس کا اعتراف تمام حلقے کررہے ہیں ۔ریاست کے ہر علاقے میں تعمیر و ترقی ہوئی ہے جبکہ آزادکشمیر کی تمام بڑی شاہرایں مکمل ہو چکی ہیں یا ان پرکام جاری ہے ۔ انہوں نے کہاکہ حکومت آزاد کشمیر پائیدار ترقی کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنا چاہتی ہے اس مقصد کے لئے بجٹ تیاری کے دوران وسیع پیمانے پر مشاورت کا آغاز کیا گیا ہے ۔

آزاد کشمیر کے ہر حلقہ انتخاب کو بجٹ تیاری کے دوران مشاورت کا حصہ بنانا چاہتے ہیں ۔ بجٹ تیاری کے دوران ملنے والی تجاویز کو بجٹ کا حصہ بنایا جائے گا تاکہ عوامی مسائل کے حل کے لئے بھرپور اقدامات اٹھائے جاسکیں ۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام کو بلا تخصیص تعمیر و ترقی سے مستفید کریں گے ۔