Live Updates

بھارتی افواج نے شوپیاں میں تین کشمیریوں کو شہید کر دیا

مقبوضہ کشمیربھر میں بھارت اور اسرائیل کے خلاف احتجاجی مظاہرے، ریلیاں

جمعہ 31 مئی 2019 19:02

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 مئی2019ء) مقبوضہ کشمیر کے اطرف و اکناف میں میں جمعہ کو یوم کشمیر اور قدس کے موقع پر بھارت اور اسرائیل کے خلاف زبردست مظاہرے کیے گئے اور ریلیاں نکالی گئیں۔ بھارتی فوجیوں نے مظاہرین کے خلاف طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا اور کئی افراد کو گرفتار کر لیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق یوم قدس منانے کی اپیل سید علی گیلانی اور میر واعظ عمر فاروق کی تھی۔

سرینگر ، بڈگام ، ماگام ، گاندر بل ، شوپیاں، اسلام آباد، ککرناک، پلوامہ ، کولگا، کپواڑہ، بارہمولہ اور دیگر علاقوں میں لوگوں نے سڑکوں پر نکل کر آزادی کے حق میں اور بھارت اور اسرائیل کے خلاف فلک شگاف نعرے لگائے۔ مظاہروں کی قیادت حریت رہنمائوں مولانامسرور عباس ، شبیر احمد ڈار، امتیاز احمد ریشی ، بشیر قریشی اور غلام نبی وسیم نے کی۔

(جاری ہے)

بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں نے مختلف علاقوں میں مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے پیلٹ چلائے اور آنسو گیس کے گولے داغے۔ پورے مقبوضہ علاقے میں مساجد، خانقاہوں اور امام بارگاہوں میں نماز جمعہ کے اجتماعات میں مشترکہ حریت قیادت کی طرف سے تیار کی جانے والی ایک قرار پڑھی گئی جس میں کشمیر اور فلسطین پر فوجی قبضہ ختم کرنے کا مطالبہ کیا گیا ۔

میر واعظ عمر فاروق نے سرینگر کی تاریخی جامع مسجد میں جمعہ کو نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان کی طرف سے تمام اہم مسائل کے حل کیلئے مذاکرات کی پیشکش کا نئی بھارتی قیادت کو سنجیدگی سے جواب دینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ حریت قیادت ان تمام امن اقدامات کا خیر مقدم کرے گی جنکا مقصد تنازعہ کشمیر کو پر امن طور پر حل کرنا ہو۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی اور سینئر حریت رہنما محمد اشرف صحرائی نے سرینگر میں اپنے بیانات میںغیرقانونی طور پر نظر بند سینئر حریت رہنما مسرت عالم بٹ پر 38ویں مرتبہ کالا قانون’’پبلک سیفٹی ایکٹ‘‘ لاگو کرنے کی شدید مذمت کی ۔ جموںوکشمیر لبریشن فرنٹ نے سرینگر میں ایک بیان میں جیلوں میں نظر بند کشمیریوں کی حالت زار پر سخت تشویش کا اظہار کیا۔

دریں اثنا بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران ضلع شوپیاں کے علاقے دراگد سوگن میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران تین کشمیری نوجوان شہید کر دیے۔ نوجوانوں کی شہادت پر علاقے میں زبردست بھار ت مخالف مظاہرے کیے گئے ۔ بھارتی فورسز کے اہلکاروں نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا۔

قابض انتظامیہ نے ضلع میں موبائل فون انٹرنیٹ سروس معطل کر دی ۔ فوجیوں نے پلوامہ کے علاقے ترال اور کولگام کے علاقے دیسن میں بھی محاصرے اور تلاشی کی اسی طرح کی کارروائیاں کیں۔ ضلع کشتواڑ کے علاقے مروہ میں Oppunکے مقام پر ایک بھارت پولیس کے دو اہلکار ایک حملے میں زخمی ہو گئے۔ بھارتی فوجیوں کے طرف سے گزشتہ روز دو نوجوانوں کی شہادت پر جمعہ کو ضلع بارہ مولہ کے علاقے سوپور میں مکمل ہڑتال کی گئی۔

کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے کنوینر اور کشمیریوں کے حقیقی نمائندے سیدعبداللہ گیلانی نے جدہ میں اسلامی تعاون تنظیم کے کشمیر کے بارے میں رابط گروب کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا تنازعہ کشمیر گزشتہ ستر برس سے نہ صرف حل طلب ہے بلکہ یہ مسئلہ قتل وغارت او ر انسانی مشکلات کی ایک لمبی داستان رقم کر گیا ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات