لیسکو کے تمام ریجن میں سحر و افطار کے دوران صارفین کو بجلی بلا تعطل مہیا کی جارہی ہے، چیف ایگزیکٹو لیسکو

جمعہ 31 مئی 2019 20:39

لاہور۔31 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 مئی2019ء) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی ( لیسکو ) کے چیف ایگزیکٹو مجاہد پرویز چٹھہ نے کہاہے کہ لاہور سمیت تمام لیسکو ریجن میں سحر و افطاراور تراویح کے دوران گھریلو صارفین کو بجلی کی مسلسل فراہمی جاری ہے جبکہ بجلی کی اضافی پیداوار ہونے کے باعث مسلسل چلنے والی صنعتوں اور ٹیکسٹائل انڈسٹریز کے پرائم صارفین کو بھی مسلسل بجلی فراہم کی جارہی ہے ،انہوں نے کہاکہ مسلسل پچیس روزوں کے دوران لیسکو کے کنٹرول روم اور فیلڈ اسٹاف نے بھرپور طریقے سے کام کرتے ہوئے اپنے معزز صارفین کو ہر ممکن ریلیف فراہم کیا ، ان کے مطابق یکم رمضان سے لے کر اب تک تمام فیلڈ دفاتر اور اسٹاف ہائی الرٹ ہیں اور صارفین کی شکایات کا فی الفور ازالہ کیا جارہا ہے، لیسکو چیف نے کہا کہ رواں رمضان المبارک میں اب تک لیسکو کا سسٹم مکمل طور پر کام کررہا ہے اور لیسکو کے تمام گھریلو صارفین کو ہر ممکن ریلیف فراہم کیا جارہا ہے، واضح رہے کہ رمضان المبارک کے دوران صارفین کو بجلی کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے یکم رمضان المبارک سے چیف ایگزیکٹو لیسکو مجاہد پرویز چٹھہ کی سربراہی میں لیسکو ہیڈ کوارٹر میں خصوصی کنٹرول روم کام کررہا ہے جہاں چیف ایگزیکٹو کے ساتھ ساتھ شعبہ آپریشن، پاور ڈسٹری بیوشن کنٹرول سنٹر اور پبلک ریلیشنزڈیپارٹمنٹ 24گھنٹے فعال انداز میںکام کررہا ہے جہاں بجلی کی طلب و رسد اور بجلی سے متعلق شکایات کا جائزہ کے ساتھ شکایات کے فی الفور ازالہ کیلئے احکامات جاری کئے جارہے ہیں۔